لکھنؤ۔2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش بی جے پی کے نئے صدر کے انتخاب اور یوگی کابینہ میں توسیع کے آثار کے دوران یو پی بی جے پی کے نئے کارگذار صدر جے پی نڈا 5 کا جولائی کو رراجدھانی آمد متوقع ہے ۔لوک سبھا انتخابات کے دوران یو پی بی جے پی کے انچارج رہے مسٹر نڈا کو حال ہی میں اترپردیش بی جے پی کا کارگذار صدر نامزد کیا گیا تھا اور پارٹی کا نیاعہدہ سنبھالنے کے بعد ان کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ اپنے ایک روزہ دورے کے دوران کارگذار صدر پارٹی کے ریاستی ایگزیکیٹو ممبران کے ساتھ میٹنگ کریں گے اس دوران یو پی بی جے پی کے صدر اور مرکزی وزیر ڈاکٹر مہندر ناتھ پانڈے اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ موجود ہوں گے ۔اطلاعات ک مطابق کارگذار صدر کے اس دورے کے درمیان یو پی بی جے پی کے صدر کے نام کا بھی اعلان کیا جائے گا۔ ساتھ ہی ہونے والے 12 اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات کے حکمت عملی پر بھی غور خوض کیا جائے گا۔علاوہ ازیں اپنے دورے کے دوران نڈا ، یوگی کی کابینہ میں خالی قلمدانوں کیلئے نئے ناموں کا اعلان کریں گے۔ملحوظ رہے کہ یوگی کابینہ سے تین مملکتی وزراء نے رکن پالیمان منتخب ہونے کے بعد وزارت سے استعفیٰ دے دیا تھا جبکہ اوم پرکاش راج بھر کو لوک سبھا انتخابات کے بعد وزارت سے برخاست کردیا گیا تھا۔یو پی بی جے پی کے جنرل سکریٹری وجے بہادر پاٹھک نے منگل کو کہا کہ نڈا کا متوقع دورہ کافی اہم ہے اس دوران کئی اہم باتوں کو بروئے کار لایا جائے گا۔ضمنی انتخابات سمیت پارٹی کی ممبر سازی مہم کی حکمت عملی پر غور وخوض ہوگا۔