ممبئی: ریاست مہاراشٹر میں وزیراعظم نریندرمودی کا مندر بنانے والے بی جے پی کارکن نے پارٹی چھوڑ دی ہے۔ وہ سال 2021 میں اس وقت سرخیوں میں آئے جب انہوں نے وزیر اعظم مودی کیلئے ایک مندر بنایا۔ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات سے پہلے اس طرح کی خبریں بی جے پی کے لیے مشکلات کھڑی کر سکتی ہیں۔ مانا جا رہا ہے کہ پونے بی جے پی میں ہنگامہ آرائی کے درمیان شری نمو فاؤنڈیشن کے میور منڈے نے ناراضگی ظاہر کی ہے اور بی جے پی کے ایک ایم ایل اے پر بھی الزامات لگائے ہیں۔ میور منڈے نے بی جے پی کے شیواجی نگر کے ایم ایل اے سدھارتھ شرولے پر الزام لگاتے ہوئے اپنی ناراضگی ظاہر کی ہے۔ منڈے نے کہا میں کئی سالوں سے پارٹی کے وفادار کارکن کے طور پر کام کر رہا ہوں۔ میں نے پارٹی کیلئے ایمانداری سے کام کیا لیکن بی جے پی وفاداروں کو نظر انداز کر رہی ہے اور دوسری پارٹیوں میں شامل ہونے والوں کو اہمیت دے رہی ہے۔