بنگلورو ۔ یکم اکٹوبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے کارپوریٹر ایم گوتم کمار منگل کو کانگریس کے امیدوار آر ایس ستیہ نارائنا کو شکست دیکر بنگلورو کے میئر منتخب ہوگئے ۔ جوگوپائیلہ وارڈ کی نمائندگی کرنے والے کمار کو 249 الیکٹورل کالج پر مشتمل بلدیہ میں ستیہ نارائنا کو محصلہ 112 ووٹوں کے مقابلے 129 ووٹ حاصل ہوئے ۔ بی جے پی 198 رکنی بروہاٹ بنگلورو مہانگر پالیکا کے 2015 ء میں منعقدہ انتخابات میں 101 نشستیں جیت کر سب سے بڑی جماعت کی حیثیت سے اُبھرنے کے باوجود محض لوک سبھا ، راجیہ سبھا ، اسمبلی اور کونسل کے ارکان پر مشتمل الیکٹورل کالج میں اکثریت نہ ہونے کے سبب میئر یا ڈپٹی میئر کا عہدہ پانے پر فائز نہیں ہوسکی تھی ۔ رواں سال کے اوائیل میں اس وقت کے اسپیکر کے آر رمیش کمار کی طرف سے کانگریس اور جے ڈی (ایس) کے چند مستعفی ارکان کو نااہل قرار دیئے جانے کے بعد زبردست دھکا لگا ۔ شہر کے پانچ ارکان اسمبلی منی رتنا ، سوما شیکھر ، بائیرانی بسواراج ، کے گوپالیا اور روشن بیگ ووٹ نہیں دے سکے ۔