بی جے پی کے یوم تاسیس کے موقعے پر وزیراعظم مودی کا بیان، بولے٫ بھاجپا وطن پرستی اوراپوزیشن خاندان پرستی کے لیے وقف

   

وزیراعظم نریندر مودی نے بدھ کو اپوزیشن جماعتوں بشمول کانگریس پر تنقید کی اورکہاہے کہ جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی حب الوطنی سے سرشار ہے، وہیں اپوزیشن جماعتوں کی توجہ خاندان پرہے۔خاندانی پارٹیوں کو جمہوریت کی دشمن قرار دیتے ہوئے مودی نے یہ بھی کہاہے کہ ایسی پارٹیاں آئین اور آئینی اداروں کونہیں سمجھتی ہیں، انہوں نے ملک کی صلاحیتوں اور نوجوانوں کی طاقت کو کبھی ترقی نہیں ہونے دی ہے، بلکہ ہمیشہ ان کے ساتھ دھوکہ دیاہے۔مودی نے یہ بات بھارتیہ جنتا پارٹی کے 42ویں یوم تاسیس کے موقع پر ویڈیو کانفرنس کے ذریعے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر انہوں نے یہ بھی کہاہے کہ آج دنیا کے سامنے ایک ایسا ہندوستان ہے جو بغیر کسی خوف اور دباؤ کے اپنے مفادات کے لیے ڈٹا ہوا ہے اور جب پوری دنیا دو مخالف قطبوں میں بٹی ہوئی تھی تو اس وقت ہندوستان کو ایسے ہی دیکھا جاتا تھا۔ ایک ایسا ملک جو ثابت قدمی کے ساتھ انسانیت کی بات کر سکے۔