بی جے پی کے یوم تاسیس کے پیش نظر بتی بجھاؤ پروگرام ہنمنت راؤ کا الزام

   

حیدرآباد۔6۔ اپریل (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے وزیراعظم کی جانب سے کل رات برقی گل کرنے اور موم بتیاں جلانے کے پروگرام پر سخت تنقید کی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کا اس پروگرام سے کیا تعلق ہے۔ وزیراعظم کو اس سلسلہ میں وضاحت کرنی چاہئے ۔ برقی گل کرنے اور موم بتیاں جلانے سے ملک کو کیا فائدہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کرفیو کے دوران وائرس سے نمٹنے میں مصروف افراد کی حوصلہ افزائی کیلئے تالیاں بجانے کی اپیل کی گئی تھی ۔ سارے ملک نے اپیل پر عمل کرتے ہوئے کام کے وقت تالیاں اور گھنٹیاں بجائیں۔ مودی نے رات 9 بجے 9 منٹ تک برقی گل کرنے کا مشورہ دیا جو مضحکہ خیز ہے۔ عوام توقع کر رہے تھے کہ وزیراعظم اپنے خطاب میں ریاستوں کیلئے امداد کا اعلان کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ برقی منقطع کرنے سے وائرس کے اثرات میں کوئی کمی واقع ہوئی ہے یا نہیں اس کی وضاحت کی جائے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کے یوم تاسیس کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس پروگرام کا اعلان کیا گیا ۔ 6 اپریل کو بی جے پی کا یوم تاسیس ہے اور ایک دن قبل سارے ملک کے عوام کو موم بتی اور دیا جلانے کیلئے مجبور کیا گیا ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ آج تک کسی ڈاکٹر یا ماہر نے بتی گل کرنے سے وائرس میں کمی کا ذکر نہیں کیا ۔ وزیراعظم اپنے خفیہ ایجنڈہ پر عمل کرتے ہوئے وائرس کو ایونٹ بناچکے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ وہ اس طرح کی اپیلوں کے بجائے عوام کو وائرس سے نجات دلانے کے اقدامات پر توجہ دیں ۔