بی جے پی کے 52 امیدواروں کی فہرست جاری، راجندر کا کے سی آر سے مقابلہ

   

3 ارکان پارلیمنٹ اسمبلی کیلئے مقابلہ میں، پرانے شہر سے غیر اقلیتی امیدوار، ایک بھی مسلمان نہیں

حیدرآباد۔/22 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) بی جے پی ہائی کمان نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات کیلئے 52 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی ہے۔ بی جے پی کی سنٹرل الیکشن کمیٹی نے قومی صدر جے پی نڈا کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں امیدواروں کی فہرست کو قطعیت دی اور اجلاس میں وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ بھی شریک ہوئے۔ بی جے پی نے پہلی فہرست میں تلنگانہ کے 3 ارکان پارلیمنٹ کے ناموں کا اعلان کیا ہے جو اسمبلی حلقہ جات سے مقابلہ کریں گے۔ نظام آباد کے رکن پارلیمنٹ ڈی اروند حلقہ اسمبلی کورٹلہ سے مقابلہ کریں گے جبکہ بنڈی سنجے حلقہ اسمبلی کریم نگر اور عادل آباد کے رکن پارلیمنٹ ایس باپو راؤ بوتھ اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کریں گے۔ بی جے پی نے چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف گجویل اسمبلی حلقہ سے رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر کو امیدوار بناتے ہوئے گجویل کا مقابلہ دلچسپ بنادیا ہے۔ ایٹالہ راجندر اپنے اسمبلی حلقہ حضورآباد کے علاوہ گجویل سے چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف مقابلہ کریں گے۔ بی جے پی کی پہلی فہرست میں گوشہ محل سے راجہ سنگھ کا نام بھی شامل ہے۔ مرکزی وزیر اور ریاستی صدر جی کشن ریڈی، رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے لکشمن، بی جے پی کی قومی نائب صدر ڈی کے ارونا، سابق رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی اور سابق رکن پارلیمنٹ وجئے شانتی کے نام فہرست میں شامل نہیں ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ دوسری فہرست میں یہ نام شامل کئے جائیں گے۔ بی جے پی نے 52 امیدواروں میں پسماندہ طبقات کے 20 امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔ ریڈی طبقہ کے 12 ، ویلما 6 اور ایس سی، ایس ٹی طبقات سے 14 امیدواروں کا اعلان کیا گیا۔ 12 خواتین کو پہلی فہرست میں نمائندگی دی گئی ہے۔ بی جے پی کی فہرست میں ایک بھی مسلمان شامل نہیں ہے اور پرانے شہر کے اسمبلی حلقہ جات سے غیراقلیتی امیدواروں کو میدان میں اتارا گیا ہے۔ رکن اسمبلی رگھونندن راؤ دوباک سے دوبارہ مقابلہ کریں گے۔ متنازعہ فلم ’ رضاکار‘ تیار کرنے والے جی نارائن ریڈی کو بھونگیر سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ کے بھائی ای پردیپ راؤ کو ورنگل ( ایسٹ ) سے امیدوار بنایا گیا۔ سابق رکن اسمبلی تلگودیشم انا پورنماں کو بالکنڈہ کا ٹکٹ دیا گیا ہے۔ بی جے پی کی ترجمان رانی ردرماں حلقہ اسمبلی سرسلہ سے ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ کے خلاف مقابلہ کریں گی۔ پارٹی نے نظام آباد ( اربن ) سے ڈی سوریا نارائن گپتا کو امیدوار بنایا ہے۔ دیگر امیدواروں میں کے سری سیلم گوڑ قطب اللہ پور، دیانند گوڑ ابراہیم پٹنم، راملو یادو مہیشورم، سی ایچ رامچندرا ریڈی خیریت آباد، امر سنگھ کاروان، شریمتی میگھا رانی چارمینار، ست نارائن مدیراج چندرائن گٹہ، ویریندر یادو یاقوت پورہ، نریش کمار بہادر پورہ اور وینکٹیشور راؤ سوریا پیٹ شامل ہیں۔