بی جے پی ہائی کمان نے ڈاکٹر لکشمن کو دہلی طلب کرلیا

   

آر ٹی سی ہڑتال پر امیت شاہ اور جے پی نڈا کو رپورٹ ، رکن پارلیمنٹ کے ساتھ پولیس کے رویہ پر بی جے پی قیادت برہم، لکشمن سے کودنڈا رام اور اشواتھاما ریڈی کی ملاقات

حیدرآباد۔/2 نومبر، ( سیاست نیوز) آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال میں دن بہ دن شدت کے بعد مرکزی حکومت نے مداخلت کا من بنالیا ہے۔ اس سلسلہ میں بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن کو بی جے پی ہائی کمان نے نئی دہلی طلب کرلیا۔ انہیں آر ٹی سی ہڑتال کے بارے میں تفصیلی رپورٹ کے ساتھ دہلی آنے کی ہدایت دی گئی۔ ڈاکٹر لکشمن مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی کے کارگذار صدر جے پی نڈا سے ملاقات کرتے ہوئے آر ٹی سی ہڑتال پر تفصیلی رپورٹ پیش کریں گے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق بی جے پی ہائی کمان نے کریم نگر میں کل احتجاج کے موقع پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ بی سنجے کے ساتھ پولیس کے نازیبا سلوک کا سختی سے نوٹ لیا ہے۔ پولیس کے رویہ پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی ہائی کمان نے بی جے پی صدر کو نئی دہلی طلب کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اعلیٰ کمان کے قائدین نے بی سنجے سے ربط قائم کرتے ہوئے پولیس کے رویہ کی مذمت کی۔ رکن پارلیمنٹ نے شکایت کی کہ حکومت کی ایماء پر بی جے پی قائدین اور کارکنوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پولیس عہدیداروں نے شناخت کے باوجود چہرے پر نقاب پہن کر ان کے ساتھ نازیبا سلوک کیا۔ ہائی کمان کی طلبی پر تفصیلی رپورٹ کے ساتھ ڈاکٹر لکشمن نئی دہلی روانہ ہوگئے۔ وہ آر ٹی سی کی 29 دنوں سے جاری ہڑتال کی تفصیلات سے مرکز کو واقف کرائیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ڈاکٹر لکشمن نے ہائی کمان کو آر ٹی سی ہڑتال کے سلسلہ میں رپورٹ حوالے کی تھی۔ اسی دوران ڈاکٹر لکشمن کی نئی دہلی روانگی سے قبل صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر کودنڈا رام اور آر ٹی سی جے اے سی کنوینر اشواتھاما ریڈی نے ڈاکٹر لکشمن سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ ان قائدین نے ڈاکٹر لکشمن سے اپیل کی کہ مرکزی حکومت کی مداخلت کو یقینی بنائیں تاکہ 29 دن سے جاری ہڑتال کی یکسوئی ہوسکے۔ ڈاکٹر لکشمن نے آر ٹی سی جے اے سی اور پروفیسر کودنڈا رام کو تیقن دیا کہ وہ تمام تفصیلات سے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو واقف کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بنڈی سنجے ایم پی کے ساتھ پولیس کے اوور ایکشن کا معاملہ قابل مذمت ہے۔توقع کی جارہی ہے کہ مرکزی حکومت آر ٹی سی ہڑتال میں شدت اور ہڑتال میں بی جے پی کی شمولیت کو دیکھتے ہوئے اہم فیصلہ کی تیاری کررہی ہے۔ اس سلسلہ میں گورنر ٹی سوندرا راجن سے بھی رپورٹ پہلے ہی طلب کی جاچکی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آر ٹی سی ہڑتال کے ذریعہ بی جے پی تلنگانہ میں اپنے قدم مضبوط جمانا چاہتی ہے تاکہ مجوزہ بلدی انتخابات میں پارٹی کو فائدہ حاصل ہو۔