نئی دہلی۔19جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے پارٹی لیڈر ہاردک پٹیل کی گرفتاری پر اتوار کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر نشانہ لگاتے ہوئے الزام لگایا کہ اپنے سماج کے لوگوں کی آواز اٹھانے کے لئے ان (ہاردک ) کو پریشان کیا جا رہا ہے ۔گجرات میں احمد آباد کی ایک عدالت سے غداری کے معاملہ میں غیر ضمانتی وارنٹ جاری ہونے کے بعد کانگریس میں شامل ہو چکے ’پاٹیدار آرکشن آندولن سمیتی‘ ( پاس) کے سابق کنوینر ہاردک پٹیل کو ہفتہ کو پولیس نے گرفتار کیا تھا۔پرینکا گاندھی نے آج ٹوئٹ کرکے کہا کہ نوجوانوں کے روزگار اور کسانوں کے حق کی لڑائی لڑنے والے نوجوان ہاردک پٹیل کو بی جے پی بار بار پریشان کر رہی ہے ۔ ہاردک نے اپنے سماج کے لوگوں کی آواز اٹھائی، ان کے لئے روزگار مانگا، اسکالرشپ مانگی، کسان تحریک چلائی اور بی جے پی اس کو ’غدار‘ کہہ رہی ہے ۔ایڈیشنل ضلع جج بی جے گناترا کی عدالت نے ہاردک کے خلاف وارنٹ جاری کرنے کے بعد کیس کی سماعت کی اگلی تاریخ 24 جنوری مقرر کر دی۔ سرکاری وکیل سدھیر برھم بھٹ نے یو این آئی کو بتایا کہ انہوں نے عدالت میں دلیل دی تھی کہ ہاردک کو اگرچہ اس معاملہ میں ہائی کورٹ نے اس شرط پر ضمانت دی تھی کہ وہ کیس کی سماعت میں تعاون کریں گے لیکن وہ ایسا نہیں کر رہے ہیں۔ وہ کسی نہ کسی بہانے غائب رہے ۔برھم بھٹ نے کہا کہ اب ہاردک کی ضمانت بھی منسوخ ہو سکتی ہے ۔ عدالت چاہے تو پیشی کے بعد وارنٹ منسوخ بھی کرسکتی ہے ۔ کیس کے دو دیگر ملزم دنیش با بھنیا اور چراغ پٹیل ہفتہ کو عدالت میں موجود تھے ۔