چیف منسٹر ٹاملناڈو کی لوک سبھا الیکشن سے قبل بی جے پی پر شدید تنقید
چنائی :ڈی ایم کے سربراہ و چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن نے بی جے پی کو “ہندوستان اور انسانیت کا دشمن” قرار دیا۔ایم کے اسٹالن نے پارٹی کا لوک سبھا الیکشن کیلئے منشور جاری کیا۔پارٹی کارکنوں کے نام حال ہی میں اپنے مکتوب میں پارٹی کے منشور کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے اور ڈی ایم کے کے 21 امیدواروں کی حمایت حاصل کرنے کیلئے ایم کے اسٹالن نے کہاکہ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں جن دشمنوں کا ہم سامنا کریں گے وہ نہ صرف ہمارے سیاسی دشمن ہیں بلکہ وہ ہندوستانی آئین کے دشمن۔ہندوستان کے اتحاد اور سالمیت کے دشمن۔ ہندوستان کے تکثیریت اور سیکولرازم کے دشمن۔ وفاقیت کے دشمن۔ مختصر یہ کہ بنی نوع انسان کے دشمن ہیں ۔ یہ واضح ہو گیا ہے کہ ٹاملناڈو کے عوام ڈی ایم کے کی قیادت والے اتحاد کے ساتھ ہیں، اس لیے بی جے پی اب تمل لوگوں کو دہشت گرد کے طور پر پیش کر رہی ہے۔ وزیر اعظم سے لے کر مرکزی وزراء اور پارٹی لیڈروں تک سبھی جھوٹ پھیلا رہے ہیں۔ وہ ڈی ایم کے پر تنقید کر رہے ہیں کیونکہ ان کے پاس پچھلے 10 سالوں میں ٹاملناڈو کے لیے جو کام کیا ہے اس کے بارے میں کہنے کو کچھ نہیں ہے۔ایم کے اسٹالن نے کل اپنی پارٹی کا منشور جاری کیا جس میں پوڈوچیری کو ریاست کا درجہ دینے کا وعدہ کیا گیا۔ نیٹ امتحانات پر پابندی، چیف منسٹر کو گورنر کی تقرری کا اختیار دینا اور دیگر اہم امور اس میں شامل ہیں۔ اسٹالن نے منشور کا مسودہ تیار کرنے پر اپنی بہن کنیموزی کی بھی تعریف کی۔پارٹی نے آئندہ لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی فہرست کا بھی اعلان کردیا ہے۔