بی جے پی ہندوستان کو 2025تک ہندو راشٹرا بنانا چاہتی ہے

   

Ferty9 Clinic

گلبرگہ میں کمیونسٹ قائدسیتا رام یچوری کامیڈیا سے خطاب

گلبرگہ۔ 23۔جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کمیونسٹ پارٹی مارکسسٹ کے قومی جنرل سیکریٹری سیتا رامیچوری نے چہارشنبہ کو گلبرگہ میں ایک صحافتی کانفرینس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ ملک میں شہریت ترمیمی ایکٹ، ،نیشنل رجسٹر آف سٹیزنس اور نیشنل پاپولیشن رجسٹر کے قوانین نافذ کرکے وہ اس ملک کو 2025تک ایک ہندو راشٹرا میں تبدیل کرنا چاہتی ہے، کیونکہ 2025میں آر ایس ایس اپنے قیام کے 100سال مکمل کرلے گی۔ انھوں نے کہا کہ ان کی پارٹی بی جے پی اور آر ایس ایس کی جانب سے نافذ کئے جانے والے اس قانون کے خلاف گھر گھر جاکرمہم چلائے گی ۔ انھوں نے کہا کہ نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کے تحت ملک کی تباہ حال معیشت اور بھی زوال پذیر ہوجائے گی۔ اب خود مرکزی حکومت کے بیان کے بموجب ملکی معیشت کا جی ڈی پیGDPاس وقت 4.1فی صد رہ گیا ہے۔ لیکن عالمی ایجنسیوں کے مطابق یہاں کی معاشی ترقی صرف 3فی صد کے اندررہ گئی ہے۔ گزشتہ چند مہینوںکے دوران 10لاکھ سے زیادہ ملازمین اور مزدور ملازمتوں سے نکال دئے گئے ہیں ۔ ٹیکسٹائیل کی صنعت میں 20لاکھ سے زیادہ افراد اپنی ملازمتوں سے محروم ہوگئے ہیں ۔ اس کے علاوہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی کمپنیاں بھی اپنے ملازموں کی تعداد میں تیزی کے ساتھ تخفیف کرتی جارہی ہیں ۔ مسٹر یچوری نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت کے تحت غریب اور بھی غریب ہورہے ہیں جب کہ امیر اور بھی دولت مند بنتے جارہے ہیں ۔مسٹر یچوری نے مسٹر امیت شاہ مرکزی وزیر داخلہ پر الزام عائد کیا کہ وہ برطانوی حکمرانوںکی طرححکومت کرر ہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ وہ سی اے اے کا قانون واپس نہیںلیں گے۔ملکی معیشیت تباہی کے راستہ پر گامزن ہے لیکن اس کے باوجود حکومت اس طرح کے قوانین نافذ کرنا چاہتی ہے۔ مسٹر سیتارام یچوری نے کہا کہ مذکورہ بالا قوانین کو قبول نہ کرنے کے ضمن میں ملک گیر سطح پر ایک شہری عدم اطاعت کی مہم چلائی جائیگی اور شہریوں کو سمجھایا جائے گا کہ وہ این آر سی اور این پی آرکے لئے اپنے متعلق معلومات فراہم نہ کریں ۔ نیتا جی سبھاش چندرا بوس کا یوم پیدائش 23جنوری کو منانے کے بعد 26جنوری کو سمودھان شپت دیوس منایا جائے گا۔پھر یوم مجاہدین منانے کے ساتھ ساتھ ان لوگوں کے خلاف احتجاج کیا جائے گا جنھوں نے 30جنوری کو مہاتما گاندھی کو شہید کردیا تھا ۔