ملک کی سیکولر اور جمہوری طاقتوں کو متحد ہوکر مودی حکومت کو بے دخل کرنا ہوگا:ڈی راجہ
کولکتہ ۔ /2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے جنرل سکریٹری ڈی راجہ نے سیکولر اور جمہوری طاقتوں پر زور دیا کہ وہ بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کیلئے متحد ہوجائیں ۔ یہ حکومت سماج میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ شہریت قانون لاتے ہوئے ملک کے تکڑے تکڑے کرنا چاہتی ہے ۔ یہاں منعقدہ سی پی آئی قومی کونسل کے اجلاس کے پہلے دن خطاب کرتے ہوئے ڈی راجہ نے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون نہ صرف مسلمانوں کے خلاف ہے بلکہ یہ قانون غریبوں ، دلتوں ، قبائیلیوں اور عام افراد کے خلاف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی کی جانب سے بی جے پی ہٹاؤ دیش بچاؤ مہم شروع کی جارہی ہے ۔ شہریت ترمیمی قانون لاتے ہوئے بی جے پی اور آر ایس ایس ملک میں انتشار پیدا کرنا چاہتی ہیں ۔ معاشرے کو بکھر کر رکھ دینا چاہتی ہے ۔ ان کے ناپاک عزائم سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ملک کے تکڑے تکڑے کرنا چاہتے ہیں ۔ وزیراعظم نریندر مودی اور امیت شاہ فاشزم پر چل رہے ہیں جو غیرانسانی حرکت ہے ۔ بائیں بازو کے سینئر لیڈر نے کہا کہ دستور میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق دیئے گئے ہیں ۔ دستور کہتا ہے کہ ہم تمام ہندوستان کے عوام ہیں ۔ دستور میں یہ نہیں کہا گیا کہ ہم ہندو یا عیسائی یا مسلمان ہے بلکہ کہا گیا ہے کہ ہم ہندوستانی کہا ہیں ۔ انہوں نے اپیل کی کہ ہندوستان کو ہندو راشٹر بنانے کیلئے بی جے پی ، آر ایس ایس کے منصوبوں کو روکنے متحد ہوجائیں ۔ یہ ہندوستان نریندر مودی یا امیت شاہ کا نہیں ہے ۔ ہم نے دیکھا ہے کہ سی اے اے کیخلاف یوروپی ممالک میں بھی آواز اٹھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہٹاؤ ملک بچاؤ مہم کو ملک کے ہر کونے میں شروع کیا جائے گا ۔
