نئی دہلی : بھارتیہ جنتا پارٹی یووا مورچہ (بی جے وائی ایم) کی قومی ایگزیکٹیو میٹنگ یہاں 4 اور 5 اکتوبر کو منعقد ہو رہی ہے ۔یہ اطلاع اتوار کو بی جے پی کی طرف سے جاری ایک پریس ریلیز میں دی گئی ہے ۔ پارٹی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا بی جے پی کے مرکزی دفتر میں ہونے والے اس اجلاس میں 4 اکتوبر کو بی جے وائی ایم کے تمام قومی عہدیداروں کی میٹنگ سے خطاب کریں گے ۔ وہیں اگلے دن یعنی 5 اکتوبر کو نئی دہلی میونسپل کونسل میں بی جے وائی ایم کے تمام قومی عہدیداران ، قومی ایگزیکٹیوارکان ، تمام ریاستی صدور اور جنرل سکریٹریوں کی میٹنگ ہوگی۔اس میٹنگ کے دوران کئی اہم موضوعات جیسے اگلے سال پانچ ریاستوں میں ہونے والے انتخابات کے پیش نظر حکمت عملی پر بات چیت ، انتخابی مہم اور دیگر انعقاد کی ذمہ داریاں تفویض کرنا شامل ہیں۔ اس میٹنگ میں تنظیمی کام کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق کچھ اہم نکات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔تیجسوی سوریا کے بی جے وائی ایم کے صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بی جے وائی ایم کی یہ پہلی ایگزیکٹیو میٹنگ ہوگی۔