بی جے پی ۔اجیت پوار حکومت کو فلور ٹسٹ کا حکمنامہ قابل ستائش

   

ایک روز میں ایوان اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کی رولنگ یوم دستور کے موقع پر قوم کو تحفہ۔سینا، این سی پی ، کانگریس کا ردعمل
ممبئی ۔26 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ کے مہاراشٹرا اسمبلی میں چہارشنبہ کو فلور ٹسٹ منعقد کرنے کے حکمنامہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے شیوسینا ، این سی پی اور کانگریس نے آج کہا کہ سچائی کی بہرحال جیت ہوگی اور ادعاء کیا کہ بی جے پی کو شکست ہوگی ۔ بی جے پی نے اپنی طرف سے کہا کہ وہ عدالتی فیصلے کا احترام کرتی ہے اور اعتماد ظاہر کیا کہ ایوان میں اکثریت ثابت کریں گے ۔ صدر این سی پی شردپوار جن کے بھتیجے اجیت پوار نے گزشتہ ہفتہ کو پارٹی کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے ریاست میں تشکیل حکومت کیلئے بی جے پی کی حمایت کردی ، اُنھوں نے فاضل عدالت کے فیصلے کو سراہا کے اس کے ذریعہ دستوری اُصولوں کو حق بجانب ٹھہرایا گیا ہے ۔ پوار نے عدالتی رولنگ کے بعد ٹوئٹ کیاکہ میں معزز سپریم کورٹ کا جمہوری اقدار اور دستوری اُصولوں کو سربلند رکھنے پر شکرگذار ہوں ۔ یہ خوشی کی بات ہے کہ مہاراشٹرا کا فیصلہ یوم دستور کے موقع پر آیا ہے جو بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو خراج ہے ۔ شیوسینا کے راجیہ سبھا ایم پی سنجے راوت نے کہاکہ سچ کو شکست نہیں دی جاسکتی ۔ انھوں نے ٹوئٹ کیا کہ ’ستیہ میوجیتے ‘ ۔ انھوں نے ایک اور ٹوئٹ میں کہاکہ ’ستیہ پریشان ہوسکتا ہے ، پراجیت نہیں ہوسکتا ، جئے ہند‘ ۔ سینا لیڈر ایکناتھ شنڈے نے کہاکہ چیف منسٹر دیویندر فڈنویس کو مستعفی ہوجانا چاہئے کیونکہ اُدھو ٹھاکرے کی پارٹی کے زیرقیادت اتحاد کے پاس 162 ایم ایل ایز کی حمایت حاصل ہے جو مہاراشٹرا اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے معقول سے زیادہ ہے ۔ اُنھوں نے دعویٰ کیا کہ فلور ٹسٹ کے دوران سینا ، این سی پی اور کانگریس کے مہا وکاس اگھاڑی کو 170 لیجسلیٹرز کی بھی تائید حاصل ہوسکتی ہے۔ ترجمان اعلیٰ این سی پی نواب ملک نے بھی سپریم کورٹ کے حکمنامہ کی ستائش کی ۔ انھوں نے کہاکہ ’ستیہ میوجیتے ۔بی جے پی کا کھیل ختم ‘ ۔ کانگریس نے عدالتی رولنگ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں دستور کا اعلیٰ ترین مقام ے ، جو پیسے اور دیگر طاقتوں سے کہیں زیادہ برتر ہے ۔

صدر مہاراشٹرا بی جے پی چندرکانت پاٹل نے اعتماد ظاہر کیا کہ اُن کی پارٹی ایوان میں اکثریت ثابت کرنے میں کامیاب ہوگی ۔ اُنھوں نے یہاں اخباری نمائندوں کو بتایاکہ ہم عدالتی حکمنامہ کا احترام کرتے ہیں ۔ ہم اکثریت ثابت کرنے تیار ہیںاور ہم یہ کر دکھائیں گے ۔ انھوں نے کہاکہ بی جے پی آج اپنے سینئر قائدین کی میٹنگ منعقد کرتے ہوئے فلورٹسٹ سے قبل حکمت عملی ترتیب دے گی ۔ سپریم کورٹ نے چیف منسٹر فڈنویس کو مہاراشٹرا اسمبلی میں چہارشنبہ کو اپنی اکثریت ثابت کرنے کیلئے فلور ٹسٹ کے انعقاد کی ہدایت دی ہے ۔ اُس نے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کو بھی ہدایت دی کہ تمام منتخب ارکان اسمبلی کی چہارشنبہ کو ہی حلف برداری یقینی بنائیں ۔

بی جے پی ۔ اجیت پوار حکومت پر طمانچہ :کانگریس
دریں اثناء کانگریس نے سپریم کورٹ کی مہاراشٹرا فلور ٹسٹ کے تعلق سے منگل کی رولنگ کو ناجائز بی جے پی ۔ اجیت پوار حکومت پر طمانچہ قرار دیا ۔ ترجمان اعلیٰ کانگریس رندیپ سرجیوالا نے ٹوئٹ میں کہاکہ بی جے پی ۔اجیت حکومت نے عوامی خطِ اعتماد کو ہتھیالینے کی کوشش کی لیکن اُن کے دھوکہ کو یوم دستور کے موقع پر شکست ہوئی ہے ۔ سینئر کانگریس لیڈر پرتھوی راج چوہان نے بھی اخباری نمائندوں سے بات چیت میں عدالتی حکمنامہ پر اعتماد ظاہر کیا اور کہاکہ کانگریس، شیوسینا اور این سی پی کا اتحاد ایوان میں اکثریت کا حامل ہے۔ انھوں نے کہاکہ بی جے پی کا اکثریت حاصل ہونے کا دعویٰ بے نقاب ہوجائے گا ۔ ایک اور کانگریس لیڈر ابھیشیک سنگھوی نے کہاکہ بی جے پی نے جمہوریت کے نام پر داغ لگایا اور اس لئے ہم سپریم کورٹ کے شکرگذار ہیں کہ یوم قانون جو اب یومِ دستور بن چکا ہے ، اس موقع پر قوم کوعمدہ تحفہ دیا گیا ہے۔