حیدرآباد۔/4 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے بی آر ایس سربراہ کے سی آر پر این ڈی اے میں شمولیت سے متعلق مساعی کے انکشاف کے بعد کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی نے بی جے پی اور بی آر ایس کی پارٹنر شپ کو قبول کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دس برسوں میں بی جے پی۔ بی آر ایس اتحاد نے تلنگانہ کو تباہ کردیا ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ نریندر مودی نے کھلے عام دوستی کا اعتراف کرلیا ہے۔ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ بی آر ایس کا مطلب بی جے پی رشتہ دار سمیتی ہے۔ بی جے پی اور بی آر ایس پارٹنر شپ نے تلنگانہ کو نقصان پہنچایا ہے اور تلنگانہ کے عوام باشعور ہیں اور اس گیم کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں۔ اسمبلی انتخابات میں عوام دونوں کو مسترد کرتے ہوئے 6 ضمانتوں والی کانگریس حکومت کو تشکیل دیں گے۔