نظام آباد یا کریم نگر میں امیت شاہ کی آمد متوقع، تلنگانہ سے رکنیت حاصل کرینگے
حیدرآباد۔/10 اگسٹ، ( سیاست نیوز) بی جے پی نے 17 ستمبر کو حیدرآباد ریاست کے انڈین یونین میں انضمام کو بطور یوم نجات منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بی جے پی گزشتہ کئی برسوں سے اس دن کو سرکاری طور پر منانے کا مطالبہ کررہی ہے۔ پارٹی کے قومی صدر اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو اس جلسہ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ 17ستمبر کے جلسہ عام کیلئے محبوب نگر، کریم نگر اور نظام آباد کے نام زیر غور ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی نے نظام آباد میں جلسہ عام کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ کل سابق ایم پی جی ویویک کی بی جے پی میں شمولیت کے موقع پر صدر ریاستی بی جے پی ڈاکٹر کے لکشمن اور دوسروں نے امیت شاہ سے ملاقات کی تھی۔ 20 منٹ تک جاری اس ملاقات میں تلنگانہ کی تازہ ترین سیاسی صورتحال اور ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ریاستی قائدین نے شکایت کی کہ چیف منسٹر اسمبلی اور سکریٹریٹ کی نئی عمارتوں کیلئے موجودہ عمارتوں کو منہدم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں اس منصوبہ سے سرکاری خزانہ پر سینکڑوں کروڑ کا بوجھ پڑے گا۔ انہوں نے شکایت کی کہ ٹی آر ایس حکومت کے یکطرفہ فیصلوں سے عوام کو نقصان ہورہا ہے۔ امیت شاہ نے قائدین کو ہدایت دی کہ وہ ٹی آر ایس حکومت کے مخالف عوام فیصلوں کے خلاف سخت جدوجہد کریں۔ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ کشمیر کی دفعہ 370 کی برخاستگی کے بعد تلنگانہ میں بی جے پی پر عوام کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ امیت شاہ کو رکنیت سازی مہم سے واقف کرایا گیا۔ امیت شاہ نے بی جے پی قائدین کو بتایا کہ وہ تلنگانہ میں پارٹی کی رکنیت حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ حیدرآباد کے موقع پر وہ ڈاکٹر لکشمن کی قیامگاہ پر پارٹی کی رکنیت حاصل کریں گے۔17 ستمبر کو جلسہ عام کی کامیابی کیلئے بی جے پی نے اگسٹ کے آخری ہفتہ میں مختلف اضلاع میں پروگرامس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جاریہ ماہ کے اواخر یا ستمبر کے پہلے ہفتہ میں نئی دہلی میں نمائش کے اہتمام اور ریاست بھر میں یاترا نکالنے کی تجویز ہے۔اسی دوران کریم نگر کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ بی رمیش نے بتایا کہ کریم نگر میں جلسہ عام کے انعقاد کی تجویز ہے جس میں امیت شاہ کے علاوہ ورکنگ پریسیڈنٹ جے پی نڈا کو مدعو کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم کے کئی قائدین امیت شاہ کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کریں گے۔