بھونیشور: بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) کے صدر نوین پٹنائک نے جمعرات کو کہا کہ ان کی پارٹی مرکزی حکومت کے مظالم کے خلاف لڑائی جاری رکھے گی اور ایک مضبوط علاقائی پارٹی کے طور پر اڈیشہ کے مفادات کی حفاظت کرے گی۔بی جے ڈی کے 28 ویں یوم تاسیس کے موقع پر جمعرات کو پارٹی ہیڈکوارٹر شنکھا بھون میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر پٹنائک نے کہا کہ پارٹی اگلے 100 سالوں تک اڈیشہ کے لوگوں کی خدمت کرتی رہے گی۔پارٹی کارکنوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اڈیشہ کے لوگوں کی محبت اور حمایت اور ممبران کی سخت محنت کی وجہ سے بی جے ڈی ایک مضبوط علاقائی طاقت بن گئی ہے ۔پارٹی کے قیام کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کے دن یعنی 26 دسمبر 1997 کو، پرجوش بیجو بابو کے نظریات اور اور وژن سے متاثر ہو کربیجو جنتا دل کا قیام عمل میں آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بہت سے لوگوں کو پارٹی کی بقا پر شک تھا اور کچھ کا یہ بھی ماننا تھا کہ یہ نہ تو بڑھے گی اور نہ ہی کامیاب ہو گی۔