بی جے ڈی کے 24 سالہ اقتدار میں اوڈیشہ ترقی سے محروم ‘ بی جے پی متبادل

   

ڈبل انجن سرکار ہی ترقی کی ضمانت ۔ اوڈیشہ میں افسر شاہی کا راج ۔ چیف منسٹر یو پی آدتیہ ناتھ کا خطاب
باناپور، 23 مئی (یو این آئی) اتر پردیش کے چیف منسٹر آدتیہ ناتھ نے آج اوڈیشہ کے عوام سے ریاست میں ڈبل انجن حکومت کو ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ریاست (اتر پردیش) اس کی سب سے واضح مثال ہے جہاں گذشتہ 10 برسوں میں ڈبل انجن حکومت کی وجہ سے تمام شعبوں میں تیزی سے ترقی ہوئی ہے ۔ پوری پارلیمانی حلقہ کے تحت اپنی پہلی انتخابی مہم سے خطاب میں آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ڈبل انجن والی حکومت ہی ریاست میں زیادہ ترقی لا سکتی ہے ، جو نوین پٹنائک حکومت کے 24 سالہ دور حکومت میں پیچھے رہ گئی ہے ۔ چلکا میں 25 مئی کو ووٹنگ ہونی ہے ۔ بی جے پی رہنما نے ریاست کی بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) حکومت پر خوشامد کی سیاست کا الزام لگایا اور کہا کہ اوڈیشہ کے چیف منسٹر اب نوکرشاہوں میں گھرے ہوئے ہیں جو منتخب نمائندوں کی جگہ انتظامیہ چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس ریاست میں بیوروکریسی حکمرانی پر قابض ہو، خود مختاری اور بدعنوانی کا غلبہ ہوجاتا ہے اور عوام کو تکلیف ہوتی ہے ، ترقی پیچھے رہ جاتی ہے اور تمام شعبوں میں مافیا راج کو فروغ ملتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اوڈیشہ میں لینڈ مافیا، ریت مافیا، کان کنی مافیا اور مویشی مافیا کے خلاف بلڈوزر استعمال کی ضرورت ہے جیسا کہ اتر پردیش میں کیا جا رہا ہے ۔ جگناتھ مندر کے رتن بھنڈار کی گزشتہ کئی برسوں سے غائب چابیوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اوڈیشہ میں حالات اتنے خطرناک ہیں کہ حکومت میں جگناتھ مندر بھی محفوظ نہیں ہے ۔انہوں نے چیف منسٹر نوین پٹنائک پر الزام لگایا کہ وہ سوامی لکشمنانند کے قاتلوں کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں اور مودی حکومت سے دیئے گئے مفت راشن پر اپنی تصویر چسپاں کر کے مرکز کی فلاحی اسکیموں کا کریڈٹ لیتے ہیں۔یوگی نے کہا، پچھلے دس برسوں میں عوام نے مودی کی قیادت میں ہر میدان میں نئے ہندوستان کی تبدیلی کو محسوس کیا ہے ، جس میں ملک کی سرحدیں محفوظ ہیں جب کہ دہشت گردی اور نکسل ازم مکمل طور پر قابو میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ حالات یہاں تک پہنچ چکے ہیں کہ ملک میں چھوٹے سے بم دھماکے کی صورت میں بھی پاکستان کر واضح کر رہا ہے کہ اس میں اس کا کوئی کردار نہیں ہے ۔ ملک میں ایسے لوگ ہیں جو یہاں رہتے ہیں لیکن پاکستان کے حق میں بولتے ہیں۔ ایسے لوگوں کو پاکستان چلے جانا چاہیے ۔یوگی نے کہا کہ انہوں نے انتخابات کے آخری پانچ مرحلوں کے دوران 12 ریاستوں کا دورہ کیا اور دیکھا کہ ملک میں صرف ایک ہی نعرہ گونج رہا ہے – ‘پھر ایک بار مودی سرکار’ اور ‘ابکی بار 400 پار’ ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے ڈی کو اپنا ووٹ دیکر ضائع کرنے کا کوئی مطلب نہیں ہے ۔ پارٹی 21 ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ حکومت نہیں بنا سکتی اور لوگوں سے اسمبلی اور لوک سبھا دونوں انتخابات میں بی جے پی کو ووٹ دینے کہا۔اپنی انتخابی مہم کے دوران انہوں نے مہانگا اسمبلی حلقہ کے تحت ایک اور جلسہ عام سے خطاب کیا، جو کیندرپارا پارلیمانی حلقہ کے تحت آتا ہے ۔