حضور آباد میں دلتوں کی تائید حاصل کرنے کی کوشش
حیدرآباد۔23 ۔جولائی (سیاست نیوز) حکومت نے بی سرینواس کو تلنگانہ اسٹیٹ شیڈول کاسٹ ڈیولپمنٹ کا کارپوریشن کا صدرنشین مقرر کیا ہے ۔ سکریٹری محکمہ ایس سی ڈیولپمنٹ راہول بوجا نے جی او ایم ایس 8 جاری کیا ۔ سرینواس کو فوری اثر کے ساتھ ایک سال کی مدت کے لئے صدرنشین کے عہدہ پر مقرر کیا گیا ہے ۔ سرینواس کا تعلق کریم نگر کے حضور آباد اسمبلی حلقہ سے ہے ۔ انہوں نے اسٹوڈنٹ لیڈر کی حیثیت سے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا تھا ۔ کانگریس پارٹی میں مختلف عہدوں پر فائز رہے ، بعد میں ٹی آر ایس سے وابستہ ہوگئے ۔ سرینواس نے حضور آباد اگریکلچرل مارکٹ کمیٹی کے ڈائرکٹر اور ڈسٹرکٹ ٹیلیکام بورڈ کے رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہے۔ وہ دو مرتبہ حضور آباد سے ایم پی ٹی سی کے لئے منتخب ہوئے ۔ سرینواس 2001 ء سے ٹی آر ایس پارٹی سے وابستہ ہیں۔ واضح رہے کہ حضور آباد کے مجوزہ ضمنی چناؤ میں ایس سی طبقہ کی تائید حاصل کرنے کے لئے یہ تقرر عمل میں لایا گیا۔ چیف منسٹر نے دلتوں کی بھلائی کے لئے خصوصی اسکیم کا اعلان کیا ہے جس کا آغاز حضور آباد سے ہوگا۔