بی سیز کیلئے 20 ہزار کروڑ روپئے مختص کئے جائیں

   

ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرما کا کو بی آر ایس ایم ایل سی کویتا کا مکتوب

نظام آباد :7 ؍ فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھارت جاگروتی کی صدر و رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس کے کویتا نے ڈپٹی چیف منسٹر و وزیرفینانس تلنگانہ ملو بھٹی وکرامارکا کو ایک مکتوب روانہ کیا جس میں سال 2024-25 کے بجٹ میں پسماندہ طبقات کی فلاح وبہبود کے لئے 20 ہزار کروڑ روپئے مختص کرنے کی اپیل کی۔ کویتا نے یاددلایا کہ کانگریس پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں جیوتی را? پھولے بی سی سب پلان کو قانونی حیثیت دینے کا وعدہ کیا ہے۔ لہٰذا بی سیز کی بھلائی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔ علاوہ ازیں کانگریس پارٹی نے بی سی کی فلاح وبہبو دکیلئے آئندہ پانچ سالوں کے دوران ایک لاکھ کروڑ مختص کرنے کا وعدہ کیا۔ کانگریس پارٹی نے ہر ضلعی مرکز میں پروفیسر جیا شنکر بی سی بھونس کی تعمیر کیلئے پچاس کروڑ روپئے کی لاگت سے عمارتی تعمیر کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے۔ کویتا نے کہا کہ کانگریس پارٹی پسماندہ طبقات سے کئے گئے اپنے وعدو ں کو عملی جامہ پہنائے اور سال 2024-25 کے بجٹ میں بی سیز کے لئے 20ہزار کروڑ روپئے مختص کئے جائیں۔ اس سے نہ صرف بی سیز سے کئے گئے کانگریس پارٹی کے وعدے کی تکمیل ہوگی بلکہ بی سیز کی مذکورہ بالا فنڈس سے ترقی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاستی حکومت بی سیز کی ترقی کیلئے اقدامات روبہ عمل لائے اور بی سیز سے کئے گئے تمام وعدوں کو عملی جامہ پہنائے۔