بی سی ای زمرے کے مسلمان پنچایت راج انتخابات کے اہل

   

محبوب نگر ۔ 6؍ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حکومت تلنگانہ نے پنچایت راج انتخابات میں بی سی زمرے کے فیصد کو 34 فیصد سے گھٹا کر 22 فیصد کیا ہے اور 28 فیصد دیگر پسماندہ طبقات ایس سی اور ایس ٹیز کے لئے مختص کیاہے ۔ لیکن بی سی طبقات کے فیصد میں کمی سے مسلم بی سی امیدواروں کے انتخابات میں حصہ لینے کی حق سے محروم نہیں کیا ہے ۔ اس بات کی وضاحت محمد افتخارالدین احمد ایڈوکیٹ و صدر مسلم ریزرویشن فرنٹ نے دفتر ایم آر ایف میں ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے بتایاکہ بی سی طبقات کے لئے مختص 22 فیصد نشستوں پر سرپنچ اور وارڈ ممبر کے عہدے کے لئے بی سی ای زمرے میں آنے والے تمام مسلمان انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کا ذکر ضروری ہے کہ 2013 میں مسلم ریزرویشن فرنٹ کی نمائندگی پر محکمہ پنچایت راج نے اس خصوص میں احکامات جاری کئے ہیں اور موجودہ انتخابات میں حکومت تلنگانہ نے محکمہ پسماندہ طبقات کی جانب سے جاری کردہ فہرست برائے پسماندہ طبقات جس میں مسلمانوں کے 14 گروپ شامل ہیں انتخابات میں حصہ لینے کے لئے اہل قرار دیئے گئے ۔ انہوں نے ایسے تمام طبقات کے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا تاخیر تحصیلدار سے بی سی سرٹیفکیٹ حاصل کرلیں۔ اس موقع پر دیگر قائدین احمد ‘ تقی حسین ‘ سید نور الحسن و دیگر موجود تھے ۔