سائی ایشور اچاری کی خودکشی پرکویتا کا اظہارخیال ‘متوفی کے اہل خانہ سے تعزیت
نظام آباد: 6؍ دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بی سی طبقے کو 42 فیصد ریزرویشن فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خودکشی کرنے والے سائی ایشور آچاری کی موت پر تلنگانہ جاگروتی کی صدر کے کویتا پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ان کی قیام گاہ پہنچ کر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا‘ کویتا نے متوفی کی اہلیہ، والدہ اور بچوں کو دلاسہ دیتے ہوئے پوری ہمدردی اور تعاون کا یقین دلایا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ سائی ایشور آچاری کی موت بے حد المناک اور دل خراش سانحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی سی طبقات کے مسائل پر مرکز اور ریاستی حکومتوں کی مسلسل بے حسی اور عدم توجہی کے باعث اس نے انتہائی قدم اٹھایا، جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومتوں کی ناانصافیوں کے خلاف جدوجہد ضروری ہے، لیکن جان دینا ہرگز حل نہیں۔کویتا نے کہا کہ‘‘بی سی ریزرویشن کے لیے ہم سب کو متحد ہوکر لڑنا ہوگا۔ یہ راستہ نہیں کہ کوئی اپنی جان دے دے۔ ایک بہن کی حیثیت سے ہاتھ جوڑ کر اپیل کر رہی ہوں کہ ہم بی سی بل ضرور منظور کرائیں گے۔انہوں نے متوفی کے خاندان کے لیے مکمل تعاون کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ سائی ایشور آچاری کے بچوں اور اہل خانہ کی فوری مدد کرے، خاندان کے لیے مکان تعمیر کر کے دے، اور متوفی کے بھائی کو روزگار فراہم کیا جائے تاکہ وہ خاندان کا سہارا بن سکے۔کویتا نے کہا کہ‘‘سائی ایشور آچاری کی موت بدقسمتی ہے،۔ لیکن میں پھر دہراتی ہوں—جان دینا کوئی حل نہیں۔ ہم سب مل کر بی سی بل کو ہر حال میں منظور کرائیں گے۔’’انہوں نے یہ بھی کہا کہ تلنگانہ تحریک میں بھی کئی لوگوں نے قربانیاں دیں، مگر جدوجہد کا راستہ ہی اصل راستہ ہے۔ کویتا نے عوام سے اپیل کی کہ جذبات میں بہہ کر انتہائی اقدامات نہ کریں بلکہ اجتماعی کوششوں کے ذریعے اپنے حقوق کے لیے آگے بڑھیں۔