ڈھاکہ، 18مارچ (یو این آئی) بنگلہ دیش کے وزیر کھیل امین الحق، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے مستقبل پر حتمی فیصلہ لینے سے قبل آئی سی سی سے مشاورت کریں گے ۔ اس کے ساتھ ہی وہ ایک دوسری کمیٹی بنانے کی منصوبہ بندی بھی کررہے ہیں، جو اس بات کی تحقیقات کرے گی کہ اس سال ہندوستان اور سری لنکا میں ہونے والے مردوں کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کیوں حصہ نہیں لے سکا۔11 مارچ کو وزارت کھیل نے گزشتہ سال ہونے والے بی سی بی انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں، ہیرا پھیری اور طاقت کے غلط استعمال کے الزامات کی جانچ کے لیے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ بی سی بی نے پیر کے روز اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس کمیٹی کا قیام، بنگلہ دیش حکومت کی جانب سے بورڈ کے معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے ۔بنگلہ دیش کے سابق فٹ بال کپتان امین الحق نے کہا کہ پانچ رکنی کمیٹی جب اپنی رپورٹ15 کام کاج کے دنوں کے اندر سونپ دے گی، تب وہ اس معاملے پر آئی سی سی سے بات چیت کریں گے ۔ انہوں نے کہا، ہم سب جانتے ہیں کہ گزشتہ سال بی سی بی انتخابات میں ہماری پچھلی حکومت کی براہِ راست مداخلت تھی۔ میں نے کئی بار اس بارے میں بات کی ہے ۔ ڈھاکہ کے کلبوں اور اضلاع سے ملنے والے الزامات کے بعد ہم نے تحقیقاتی کمیٹی بنائی ہے ۔ میں ان کی رپورٹ پڑھوں گا لیکن اگلا قدم آئی سی سی سے بات کرنے کے بعد ہی اٹھاؤں گا۔