بی سی تحفظات، 14 اکٹوبر کو تلنگانہ بند کا اعلان

   

آر کرشنیا نے سیاسی جماعتوں و بی سی تنظیموں سے تائید کی اپیل
حیدرآباد ۔ 11 اکٹوبر (سیاست نیوز) بی سی قائد و رکن راجیہ سبھا آر کرشنیا نے مقامی اداروں کے انتخابات میں بی سی طبقات کو حکومت کی جانب سے فراہم کردہ 42 فیصد تحفظات کو ہائیکورٹ کی جانب سے حکم التواء عائد کرنے کے خلاف 14 اکٹوبر کو تلنگانہ بند منانے کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی تمام سیاسی جماعتوں اور بی سی تنظیموں کو بند کی تائید کرنے کی اپیل کی ہے۔ آر کرشنیا نے آج مرکزی وزیر جی کشن ریڈی سے ملاقات کی اور 14 اکٹوبر کو منظم کئے جانے والے تلنگانہ بند کی بی جے پی کی طرف سے تائید کرنے کی اپیل کی۔ بعدازاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آر کرشنیا نے کہا کہ بی سی طبقات مقامی اداروں کے انتخابات میں 42 فیصد تحفظات کے مستحق ہیں یہ ان کا حق ہے۔ تاہم حکومت نے بی سی تحفظات سے متعلق جاری کردہ جی او پر حکم التواء عائد کردیا ہے اور ساتھ حکومت کی غفلت اور لاپروالی کیخلاف ہم بند منارہے ہیں۔ آر کرشنیا نے کہا کہ 14 اکٹوبر کو بند منانے کا اعلان کرنے سے قبل وہ بی سی تنظیموں کے نمائندوں سے بات چیت کرچکے ہیں اور دوبارہ اس پریس کانفرنس کے ذریعہ بی سی تنظیموں اور ان کے نمائندوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس بند کی مکمل تائید و حمایت کرتے ہوئے کامیاب بنائے۔ آر کرشنیا نے کہا کہ وہ بند کی تائید کرنے کی جی کشن ریڈی سے اپیل کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں تبادلہ خیال کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔ آر کرشنیا نے انتخابی شیڈول کی اجرائی کے بعد ہائیکورٹ کی مداخلت پر سوالیہ نشان لگایا۔2