حیدرآباد ۔ 8 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ اپریش کمار سنگھ نے بی سی تحفظات پر سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ عدالت کے صبر کا امتحان نہ لیا جائے ۔ چیف جسٹس نے آج صبح مقدمہ کی ابتدائی سماعت کی اور پھر لنچ کے بعد سماعت کا فیصلہ کیا گیا ۔ لنچ کے بعد جیسے ہی سماعت شروع ہوئی درخواست گزار کے وکیل سدرشن نے دلائل پیش کرنے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بی سی تحفظات ایک اہم مسئلہ ہے اور کئی ذیلی طبقات تحفظات کے خواہاں ہیں۔ چیف جسٹس نے ایڈوکیٹ سدرشن کی عجلت پر ناراضگی جتائی اور کہا کہ یہ آخری سماعت نہیں ہے اور عدالت تفصیلی طور پر سماعت کیلئے تیار ہے۔ چیف جسٹس نے وکیل سے کہا کہ وہ بعد میں تفصیلات پیش کرسکتے ہیں ۔ جسٹس اپریش کمار سنگھ نے ریمارک کیا کہ ہمارے صبر کا امتحان نہ لیں۔ اس مسئلہ پر گھنٹوں تک بات کرتے ہوئے عدالت کا وقت ضائع نہ کریں ۔ چیف جسٹس نے ابتدائی مرحلہ میں درخواست گزاروں اور حکومت کے وکلاء کی ابتدائی سماعت کی ہے اور تفصیلی سماعت کا جمعرات کو آغاز ہوگا۔1