حیدرآباد، 19 اکتوبر (سیاست نیوز) بی سی بند کے دوران دونوں شہروں میں تشدد کے واقعات پیش آئے جن میں متعدد دکانوں، شو رومز اور پٹرول پمپوں پر حملے کیے گئے۔ پولیس کے مطابق نلگنڈہ چوراہا اور کاچیگوڑہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں ہونے والے ان حملوں کے سلسلے میں 8 افراد کو گرفتار کر کے ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بی سی ، جے اے سی کے کارکنوں نے وِدیانگر سے برکت پورا تک ریالی نکالی، جس کے دوران توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے واقعات رونما ہوئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا تاہم پولیس نے ان تمام واقعات کے سی سی ٹی وی ریکارڈنگ حاصل کرتے ہوئے خاطیوں کی شناخت کی اور گرفتاریاں عمل میں لائیں۔ پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ حملوں میں ملوث ملزمین کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔