بی سی تحفظات پر کانگریس کا کل سے 3 روزہ چلو دہلی پروگرام

   

پارلیمنٹ میں تحریک التواء، 6 اگست کو جنترمنتر پر دھرنا، 7 اگست کو صدر جمہوریہ سے نمائندگی، خصوصی ٹرین کی آج روانگی
حیدرآباد۔ 3 اگست (سیاست نیوز) پسماندہ طبقات کو تعلیم، روزگار اور مجالس مقامی میں 42 فیصد تحفظات کی منظوری کے لئے مرکزی حکومت پر دباؤ بنانے کے لئے 5 تا 7 اگست 3 روزہ چلو دہلی پروگرام میں قطعیت دی گئی ہے۔ مرکز کی جانب سے تحفظات سے متعلق دو بلز کو تاحال زیر التواء رکھنے پر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کابینی اجلاس میں 3 روزہ چلو دہلی پروگرام کا فیصلہ کیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے علاوہ ریاستی وزراء اور تمام عوامی نمائندوں کے علاوہ کانگریس کے سرکردہ قائدین 3 دن نئی دہلی میں قیام کرتے ہوئے مختلف پروگراموں میں حصہ لیں گے۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کا وقت طلب کیا گیا ہے اور امید ہے کہ 7 اگست کو کانگریس قائدین راہول گاندھی کی قیادت میں صدر جمہوریہ سے ملاقات کرتے ہوئے تحفظات بلز کی منظوری کے لئے نمائندگی کریں گے۔ کانگریس کے ملک کے تمام ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ انڈیا الائنس کی حلیف جماعتوں کی تائید حاصل کی جائے گی۔ شیڈول کے مطابق 6 اگست کو نئی دہلی کی منتر منتر پر مہادھرنا منظم کیا جائے گا۔ دھرنے میں حصہ لینے کے لئے تلنگانہ کے تمام اضلاع سے قائدین کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں خصوصی ٹرین کا انتظام کیا گیا جو کل 4 اگست کی صبح 9 بجے چرلہ پلی ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہوگی۔ ضلع کمیٹیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ہر ضلع سے 50 قائدین اور کارکنوں کے نام طے کریں جو خصوصی ٹرین کے ذریعہ نئی دہلی روانہ ہوں گے۔ اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ چرلہ پلی سے کارکنوں کے ساتھ خصوصی ٹرین میں روانہ ہوں گے۔ دونوں قائدین ناگپور تک خصوصی ٹرین میں سفر کرینگے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے تلنگانہ کانگریس ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت دی ہے کہ کل 4 اگست کو دونوں ایوانوں میں بی سی تحفظات مسئلہ پر تحریک التواء پیش کی جائے۔ دونوں ایوانوں میں تحفظات کے مسئلہ پر مباحث کی مانگ کی جائے۔ 7 اگست کو صدر جمہوریہ سے نمائندگی کے بعد چیف منسٹر اور دیگر قائدین حیدرآباد واپس ہوں گے۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کے مطابق نئی دہلی کے 3 روزہ پروگرام کے دوران ہم خیال جماعتوں کی تائید حاصل کرنے کی مساعی کی جارہی ہے۔ جنتر منتر پر مہادھرنا میں انڈیا الائنس کی حلیف جماعتوں کے قائدین کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نئی دہلی میں تلنگانہ کے قائدین اور کارکنوں کے قیام کے انتظامات کے سلسلہ میں ارکان پارلیمنٹ سے ربط میں ہیں۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی نے ریونت ریڈی کے 3 روزہ چلو دہلی پروگرام کی مکمل تائید کی ہے۔ ملک میں سماجی انصاف کی فراہمی کے مقصد سے کانگریس پارٹی نے قومی سطح پر طبقاتی زمرہ بندی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ آبادی کے اعتبار سے پسماندہ طبقات کو تعلیم، روزگار اور سیاست میں تحفظات فراہم کئے جاسکیں۔ تلنگانہ کی کانگریس حکومت سماجی انصاف کی فراہمی میں ملک کے لئے رول ماڈل بن چکی ہے۔ 1