نئی دہلی میں تین روزہ پروگرام، ریاستی وزیر پونم پربھاکر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اگست (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ کانگریس پارٹی پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کے وعدہ کی تکمیل کیلئے علحدہ تلنگانہ جدوجہد کی طرح نئی تحریک کے لئے تیار ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے بی جے پی اور بی آر ایس پر بی سی تحفظات کے سلسلہ میں دوہرا معیار اختیار کرنے کا الزام عائد کیا ۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں بل کی منظوری کے موقع پر دونوں پار ٹیوں نے تائید کی تھی، اب جبکہ مرکزی حکومت سے منظوری کا انتظار ہے ، دونوں پارٹیاں موقف تبدیل کرچکی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر بی سی تحفظات کے مسئلہ کو پیش کرنے کیلئے 5 تا 7 اگست چلو دہلی پروگرام منظم کیا گیا ہے ۔ بی سی تحفظات کے حق میں دیگر پارٹیوں کی تائید حاصل کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ میناکشی نٹراجن کی قیادت میں تلنگانہ کے کانگریس قائدین اور کارکن خصوصی ٹرین سے نئی دہلی روانہ ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت سے بی سی تحفظات کو دستوری ترمیم کے ذریعہ منظور کرنے کی درخواست کی جارہی ہے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ یہ کوئی سیاسی مسئلہ نہیں بلکہ سماجی انصاف کی فراہمی کے عہد کی تکمیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات کی منظوری سے تعلیم ، روزگار اور سیاست میں پسماندہ طبقات کو جائز مقام حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی علحدہ تلنگانہ کی طرح تحفظات کیلئے منظم جدوجہد کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر صدر جمہوریہ تلنگانہ کے بلز کو منظوری نہیں دیں گے تو کانگریس پارٹی احتجاجی لائحہ عمل طئے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام پارٹیوں کے بی سی قائدین کو نئی دہلی کے دھرنے میں حصہ لینا چاہئے۔1