بی سی تحفظات کی جنگ تلنگانہ تک محدود نہیں: راہول

   

ہمیں امید ہے صدر جمہوریہ اس کو منظوری دیں گی

حیدرآباد ۔ 6 ۔ اگست (سیاست نیوز) قائد اپوزیشن لوک سبھا و کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے دہلی کے جنتر منتر میں منعقد کئے گئے 42 فیصد بی سی تحفظات کی منظوری کیلئے احتجاجی جلسہ کی مکمل تائید کی ہے ۔ ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ مرکزی حکومت کے خلاف یہ جنگ صرف تلنگانہ کی نہیں ہے بلکہ پورے ملک کی ہے۔ ملک کے پسماندہ طبقات کو ان کی آبادی کے تناسب سے حصہ داری ملنی چاہئے ۔ یہ کانگریس پارٹی کا نعرہ ہے اور اس کو قبول کرنا مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ واضح رہے کہ کانگریس پارٹی نے بی سی طبقات کیلئے 42 فیصد تحفظات کو قانونی موقف ادا کرنے کا جو مطالبہ کیا ہے وہ واجبی ہے اور پسماندہ طبقات کا حق بھی ہے۔ مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ سیاست سے بالاتر ہوکر بی سی طبقات کی فلاح و بہبود اور سماجی انصاف پر توجہ دے۔ راہول گاندھی نے توقع ظاہر کی ہے کہ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو بی سی تحفظات کے بل کا جائزہ لینے کے بعد اس کو منظوری دیں گی۔ راہول گاندھی نے کہا کہ بی سی تحفظات کا قانون سماجی انصاف کی ابتداء ہوگی۔ اس انصاف کے لئے تلنگانہ کانگریس کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے جس کی ہم مکمل تائید کرتے ہیں۔2