تجارتی و تعلیمی ادارے بند رہے ۔ سڑکیں سنسان ۔ نلہ کنٹہ میں ایک شوروم و ٹفن سنٹر پر حملہ ‘ پٹرول پمپ پر پتھراؤ
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : بی سی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے مقامی اداروں کے انتخابات میں بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے کے مطالبہ پر آج منایا گیا ۔ بند یکا دوکا واقعات کے سواء پرامن و کامیاب رہا ہے ۔ اس بند کی حکمران کانگریس ، اپوزیشن بی آر ایس ، بی جے پی ، سی پی آئی ، سی پی ایم ، ٹی جے ایس ، تلنگانہ جاگرتی ، سی پی آئی ایم ایل نیو ڈیموکرسی ، ماویسٹوں ، ایم آر پی ایس ، مالا مہاناڈو ، قبائلی ، ایس سی ، میناریٹی ، طلبہ تنظیموں نے تائید کی ۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ ، ریاستی وزراء نے احتجاج میں حصہ لیا ۔ تعلیمی و تجارتی اداروں نے بند رہ کر بند کی تائید و حمایت کی ۔ آر ٹی سی بسیں شام 5 بجے تک بس ڈپوز تک محدود رہی ۔ صبح سے بی سی تنظیموں کے نمائندے سیاسی قائدین اور عوامی منتخب نمائندے آر ٹی سی بس ڈپوز کے سامنے احتجاجی دھرنا منظم کر رہے تھے ۔ پبلک ٹرانسپورٹ دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے ٹرانسپورٹ نظام درہم برہم ہوگیا ۔ بند کی وجہ سے شہر اور اضلاع میں سڑکیں سنسان نظر آرہی تھی ۔ جس سے دیوالی تہوار کے پیش نظر مختلف ریاستوں اور اضلاع جانے والے مسافرین کو مشکلات و دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ مجبوریوں کا فائدہ اٹھاکر خانگی گاڑیوں نے عوام سے دو گنا کرایہ وصول کیا جس پر عوام نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ بی سی بند کے موقع پر دلسکھ نگر میں کچھ دیر کیلئے کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ دلسکھ نگر ڈپو کے سامنے سڑک پر بیٹھ کر قائدین نے احتجاج کیا اور بسوں کو ڈپوز سے نکلنے نہیں دیا جس سے احتجاجی قائدین اور پولیس میں بحث و تکرار ہوگئی ۔ سکندرآباد کے کنٹونمنٹ میں ریاستی وزیر کونڈا سریکھا کے ساتھ مقامی رکن اسمبلی گنیش و دیگر کانگریس قائدین نے احتجاج میں حصہ لیا ۔ سکندرآباد جوبلی بس اسٹانڈ کے پاس ہوئے دھرنے میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ایٹالہ راجندر نے حصہ لیا ۔ ایم جی بی ایس کے پاس پر بھی احتجاجی دھرنا منظم کیا گیا ۔ مجبوب نگر آر ٹی سی ڈپو کے سامنے بی آر ایس قائد سرینواس گور نے حصہ لیا ۔ نظام آباد ، وقار آباد ، بس ڈپوز کے سامنے بی سی نمائندوں اور سیاسی قائدین نے احتجاجی دھرنا منظم کیا ۔ ضلع رنگاریڈی کے شادنگر میں بنگلور ، حیدرآباد شاہراہ پر کانگریس رکن اسمبلی وی شنکر نے احتجاج میں حصہ لیا ۔ پولیس نے رکن اسمبلی کو حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کیا ۔ جس کے بعد ٹریفک بحال ہوئی ۔ حیدرآباد کے نلہ کنٹہ میں بند کے دوران کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ بجاج شوروم اور ٹفن سنٹر کھلا رکھنے پر احتجاجیوں نے برہمی کا اظہار کیا ۔ پتھراؤ سے شوروم کے شیشے ٹوٹ گئے ساتھ ہی ایک پٹرول پمپ پر حملہ کیا گیا جس سے مشین کو نقصان پہونچا ۔ اطلاع پر پولیس نے وہاں پہونچکر حالات کو قابو میں کرلیا ۔ خیریت آباد چورہا پر تلنگانہ جاگرتی صدر و ایم ایل سی کویتا نے اپنے فرزند آدتیہ کے ساتھ احتجاج میں حصہ لیا ۔ بی آر ایس قائدین سرینواس یادو ، جی کملاکر ، سرینواس گوڑ و دیگر نے آر ٹی سی چورہا پر احتجاج میں حصہ لیتے ہوئے بند کی تائید کی ۔ 2