بی سی تحفظات کے مطالبہ پر 18 اکتوبر کو تلنگانہ بند

   

بی سی جوائنٹ ایکشن کمیٹی صدر نشین آر کرشنیا کا اعلان
حیدرآباد۔ 12 اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کی بی سی تنظیموں نے تحفظات کے حق میں 14 اکتوبر کے تلنگانہ بند کو 18 اکتوبر تک ملتوی کردیا ۔ بی جے پی رکن راجیہ سبھا اور بی سی قائد آر کرشنیا نے آج یہ اعلان کیا۔ تلنگانہ میں پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کیلئے جوائنٹ ایکشن کمیٹی تشکیل دی گئی اور جے اے سی کے ذریعہ تحفظات کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ آر کرشنیا کے مطابق جدوجہد کو تیز کرنے تلنگانہ بند کی تاریخ میں تبدیلی کرکے 14 کے بجائے 18 اکتوبر بند منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بی سی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ذریعہ مرکزی حکومت پر دباؤ بنایا جائے گا کہ 42 فیصد تحفظات کے زیر التواء بلز کو منظوری دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے نوٹیفکیشن کی اجرائی کے بعد ہائی کورٹ کی جانب سے حکم التواء باعث حیرت ہے۔ انہوں نے بی سی طبقات سے تعلق رکھنے والے عوام سے 18 اکتوبر کے بند میں حصہ لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے پسماندہ طبقات ناانصافی کا شکار ہیں جن کی آبادی 76 فیصد سے زائد ہے۔ قانون ساز اداروں میں تحفظات کی منظوری کے باوجود گورنر اور صدر جمہوریہ نے منظوری نہیں دی۔ جے اے سی کے صدر نشین کے طور پر آر کرشنیا کا انتخاب کیا گیا جبکہ وی جی نارا گونی نائب صدر نشین اور جے سرینواس گوڑ ورکنگ چیرمین ہوں گے۔ کو چیرمین کے طور پر ڈی سریش راجا رام یادو کو منتخب کیا گیا۔ 1