دبئی، 8 نومبر (یو این آئی) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی میٹنگ میں یہ معاملہ اٹھایا کہ ایشیا کپ کی ٹرافی فاتح ٹیم ہندوستان کو ابھی تک نہیں سونپی گئی۔ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی جمعہ کو منعقدہ آئی سی سی میٹنگ میں شریک ہوئے۔ کرک بز کے مطابق میٹنگ کے دوران آئی سی سی بورڈ کے اراکین کے درمیان ایشیا کپ کے معاملے پر خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی۔ بی سی سی آئی نے کہا کہ نقوی بطور اے سی سی صدر ہندوستان کے ذریعہ جیتی گئی ایشیا کپ ٹرافی اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں، جو دراصل ہندوستان کی ملکیت ہے۔ اطلاع کے مطابق، میٹنگ کے بعد غیر رسمی گفتگو میں بی سی سی آئی کے سکریٹری دیوجیت سیکیا نے کہا کہ ٹرافی فوراً ہندوستان کے حوالے کی جانی چاہیے۔ اگر ضرورت پڑی تو اس معاملے کو حل کرنے کیلئے ایک پیانل بھی بنایا جا سکتا ہے، لیکن جمعہ کی رات تک اس کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔ بی سی سی آئی کا واضح موقف رہا کہ دبئی میں واقع اے سی سی کے دفتر میں بند ٹرافی جلد از جلد ہندوستان کے حوالے کی جائے۔ نقوی نے حکم دیا ہے کہ ان کی اجازت کے بغیر اس ٹرافی کو کہیں بھی نہ لے جایا جائے۔ 28 ستمبر کو دبئی میں ایشیا کپ فائنل میں پاکستان کو شکست دینے کے باوجود اے سی سی نے ابھی تک ہندوستان کو ٹرافی نہیں سونپی ہے۔