بی سی سی آئی ویزا اور سیکورٹی کی ضمانت دے

   


ہندوستان میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں حصہ لینے پی سی بی کی شرط
لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ کے صدر احسان مانی نے کہا کہ ہندوستان جب تک اگلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے اس کی ٹیم ، مداحوں اور صحافیوں کو ویزا دینے کیلئے تحریری طور پر یقین دہانی نہیں کرائے گا ، وہ ٹورنمنٹ یو اے ای میں کرانے کا مطالبہ کرتے رہیں گے۔ لاہور میں پی سی بی دفتر میں صحافیوں سے بات چیت میں مانی نے کہا کہ بورڈ نے آئی سی سی کو اپنی بات بتا دی ہے۔ احسان مانی نے کہا کہ یہ بگ تھری (انگلینڈ، آسٹریلیا ، انڈیا ) کی ذہنیت بدلنے کی ضرورت ہے۔ ہم صرف پاکستانی ٹیم کیلئے نہیں بلکہ اپنے فینس ، افسران اور صحافیوں کیلئے بھی ویزا ملنے کی تحریری ضمانت مانگ رہے ہیں۔ مانی نے کہا کہ ہم نے آئی سی سی سے کہہ دیا کہ ہم مارچ کے آخر تک تحریری یقین دہانی چاہتے ہیں تاکہ پتہ چل سکے کہ آگے کیا کرنا ہے۔ ورنہ ہم ورلڈ کپ ہندوستان کی بجائے یو اے ای میں کرانے کے اپنے مطالبہ پر قائم رہیں گے۔ ٹی 20 ورلڈ کپ ہندوستان میں اکتوبر اور نومبر میں ہونے والا ہے۔ مانی نے کہا کہ وہ پاکستان کی پوری ٹیم کے تحفظ کے انتظامات پر بھی بی سی سی آئی سے تحریری یقین دہانی چاہتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے صدر احسان مانی نے کہا کہ وزیر اعظم اور بورڈ کے نگران اعلیٰ عمران خان اور ان کا دفتر چاہیں تو وہ اس عہدہ پر برقرار رہنے کیلئے تیار ہیں۔ مانی کی تین سالہ میعاد اس سال ستمبر میں ختم ہوجائے گی ، لیکن انہوں نے کہاکہ وہ اس میں توسیع کیلئے تیار ہیں۔