بی سی سی آئی کے انتخابات ایک دن کے لئے ملتوی

   

نئی دہلی۔25 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) بی سی سی آئی کے انتخابات ہریانہ اور مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات کی وجہ سے اب ایک دن تاخیر سے 23 اکتوبر کو ہوں گے۔ بورڈ کو منظم کر رہی منتظمین کی کمیٹی (سی او اے) کے صدر ونود رائے نے کہا کہ دونوں ریاستوں میں ایک مرحلے میں 21 اکتوبر کو الیکشن ہوں گے اور ووٹ دینے والے اراکین کو کوئی تکلیف نہ ہو اس بات کو یقینی بنانے کیلئے بی سی سی آئی کے انتخابات ایک دن کے لئے ملتوی ہوئے ہیں ۔ رائے نے کہاکہ بی سی سی آئی کے انتخابات درست سمت گامزن ہیں۔ریاستی انتخابات کی وجہ سے ہم نے انتخابات ایک دن ٹالنے کا فیصلہ کیا ہے۔لہٰذا اب یہ 22 اکتوبر کی بجائے 23 اکتوبر کو ہوں گے۔ دوسری جانب ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اڈلجی نے کہاکہ سپریم کورٹ کے 20 ستمبر کے حکم کے مطابق ریاست یونٹس کچھ دن کی چھوٹ دی جا سکتی ہے لیکن بی سی سی آئی کے انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں۔مہاراشٹر میں 21 اکتوبر کو اسمبلی انتخابات کی وجہ سے ہم انہیں ایک دن کے لئے ٹال سکتے ہیں۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کا اعلان کیا ہے۔