ممبئی : 30 جولائی (ایجنسیز) ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم کے کیمپس میں دنیا کے سب سے امیر کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کا دفتر ہے اور اسی دفتر سے لاکھوں روپے کا سامان چوری ہو گیا ہے۔ ایک شخص کو اس معاملے میں پکڑا گیا ہے جو دفتر کی سیکوریٹی ٹیم میں شامل بتایا جاتا ہے۔ بی سی سی آئی کو اس چوری کی اطلاع تب ہوئی جب بورڈ کا انٹرنل آڈٹ ہوا۔ اس معاملے میں سیکوریٹی منیجر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے آئی پی ایل 2025 کی 261 جرسی چوری کی ہے، جن کی قیمت 6.52 لاکھ روپے ہے۔’لائیو ہندوستان ڈاٹ کام‘ کی خبر کے مطابق ملزم کا نام فاروق اسلم خان ہے جو بی سی سی آئی آفس کی سیکوریٹی کا حصہ ہے۔ مبینہ طور پر چرچ گیٹ کے وانکھیڑے اسٹیڈیم واقع بی سی سی آئی کے دفتر سے ملزم ایک اسٹور روم سے جرسیوں کا ایک پورا کارٹن لے گیا۔ پولیس کے مطابق ہر جرسی کی قیمت تقریباً ڈھائی ہزار روپے تھی۔رپورٹ کے مطابق متعلقہ ایجنسیاں اس حوالے سے کیسز درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔