20 جون تک آن لائین درخواستوں کی سہولت
حیدرآباد ۔15 ۔ جون (سیاست نیوز) اسمبلی انتخابات سے عین قبل بی سی طبقات کی تائید حاصل کرنے کیلئے حکومت نے مختلف پیشوں سے وابستہ افراد کے لئے ایک لاکھ روپئے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ اسکیم سے استفادہ کیلئے بی سی طبقات میں غیر معمولی سرگرمیاں دیکھی جارہی ہیں۔ ذات پات پر مبنی پیشوں وابستہ افراد سے درخواستیں طلب کی گئیں۔ بتایا جاتا ہے گزشتہ 5 دنوں میں 53 ہزار سے زاء درخواستیں آن لائین داخل کی گئیں۔ مالی امداد کے تحت ہر ماہ کی 15 تاریخ کو ارکان اسمبلی کی جانب سے استفادہ کنندگان میں امدادی چیکس تقسیم کئے جائیں گے۔ حکومت نے درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 20 جون مقرر کی ہے اور توقع ہے کہ مختلف پیشوں سے وابستہ افراد کی مزید چند لاکھ درخواستیں داخل ہوں گی۔ ہر ضلع میں ضلع کلکٹر کی قیادت میں سلیکشن کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ ضلع کے انچارج وزراء کی منظوری سے استفادہ کنندگان کی فہرست جاری کی جائے گی۔ حکومت نے 9 جون کو اسکیم کا آغاز کیا تھا۔ اسی دوران وزیر بی سی ویلفیر جی کملاکر نے آن لائین درخوستوں کے حصول پر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ درخواست گزاروں کو درمیانی افراد سے رجوع ہونے کے بجائے آن لائین درخواستیں داخل کرنی چاہئے ۔ر