بی سی طبقات کو کانگریس پارٹی میں قیادت، بی آر ایس میں نظرانداز

   

محبوب نگر میں 260 کروڑ روپے سے زائد ترقیاتی کام، بی آر ایس قائدین کی کانگریس میں شمولیت، رکن اسمبلی کا خطاب
محبوب نگر ۔ 26 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی چیف منسٹر ریونت ریڈی کی مدبرانہ قیادت میں صرف 16 ماہ میں جو ترقی ہوئی ہے وہ گزشتہ 75 برسوں کی ترقی پر بھاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقامی ایم ایل اے ینم سرینواس ریڈی نے کیا۔ وہ جمعہ کے دن محبوب نگر میں بی آر ایس قائدین کی کانگریس میں شمولیت کے موقع پر ایک شاندار تقریب سے مخاطب تھے۔ بی آر ایس کے سرکردہ قائدین گوپال یادو سابق ضلع صدر ریتو بندھو، پدمجا سابق میونسپل کونسلر، رام کرشنا اور وارڈ 14 کے ستیم و دیگر قائدین نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ایم ایل اے نے شامل ہونے والے تمام قائدین کو کھنڈوا پہناکر کانگریس میں خیرمقدم کیا۔ ایم ایل اے نے کہا کہ حلقہ میں گزشتہ 16 ماہ میں 260 کروڑ سے زائد کے ترقیاتی کام کئے گئے۔ انہوں نے بی سیز کے تعلق سے ریاستی حکومت کے اقدامات کا حوالہ دیا اور کہا کہ سماجی انصاف اور عوامی بہبود کانگریس ہی دے سکتی ہے۔ انہوں نے بی آر ایس قائدین پر شدید نکتہ چینی کی کہ انہوں نے کبھی بی سی طبقات کی ترقی پر غور کیا اور نہ ہی اقدامات کئے۔ انہیں قائدانہ عہدوں سے محروم رکھا گیا جبکہ کانگریس نے دلت قائد ملکارجن کھرگے کو قومی سطح پر کانگریس کی صدارت پر فائز کیا اور بی سی قائد مہیش کمار گوڑ کو ریاستی کانگریس صدر کا عہدہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب منعقد شدنی انتخابات میں (بلدی) بی سیز کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی ایک تاریخ ساز باب ہوگا۔ کانگریس محبوب نگر کارپوریشن کی تمام 60 نشستوں پر کامیاب رہے گی۔ پروگرام میں بی ایم ایف سی چیرمین عبید اللہ کوتوال، موڈا چیرمین لکشمن یادو، نرسمہا ریڈی، بیکری انیتا، وجئے کمار، نامور قانون داں و سینئر قائدین این پی وینکٹیش، آنند گوڑ، ایم سریندر ریڈی، ترجمان ظہیر اختر، سراج قادری، مہیلا صدر وسنتا، سائی بابا و دیگر موجود تھے۔