17 جون سے باقاعدہ تعلیم کا آغاز، وزیر بہبودی پسماندہ طبقات کے ایشور کا بیان
حیدرآباد۔/15 جون، ( سیاست نیوز) وزیر بہبودی پسماندہ طبقات کے ایشور نے کہا کہ حکومت نے بی سی طبقات کیلئے 119 اقامتی اسکولوں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے ان کا 17 جون سے باقاعدہ آغاز ہوجائے گا۔ کے ایشور نے آج سکریٹریٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی طبقہ کے بچوں کو کارپوریٹ طرز کی معیاری تعلیم فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ اسی سلسلہ میں اقامتی اسکولوں کا قیام عمل میں لایا گیا۔ ملک کی دیگر ریاستیں اقامتی اسکولوں کی اسکیم کواختیار کررہی ہیں۔ اقامتی اسکولوں میںطلبہ کیلئے معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ بہتر انفراسٹرکچر فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقامتی اسکولوں میں داخلوں کیلئے عوام میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ بہتر نتائج کے ساتھ یہ اسکولس آگے بڑھ رہے ہیں۔ تلنگانہ ریاست کے قیام کے وقت صرف 19 اقامتی اسکول تھے جن میں طلبہ کی تعداد 8282 تھی لیکن اب 281 اقامتی اسکولس ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈائیٹ چارجس میں اضافہ کیا گیا اس کے علاوہ یونیفارم اور دیگر انفراسٹرکچر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمزور طبقات کی تعلیمی ترقی کے سلسلہ میں حکومت سنجیدہ ہے۔ اس موقع پر سکریٹری بی سی ویلفیر بی وینکٹیشم اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔
