بی سی طبقات کی تنظیموں کے نمائندوں کی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات

   

42 فیصد تحفظات پر اظہار تشکر، رکن راجیہ سبھا آر کرشنیا نے چیف منسٹر کی مساعی کو سراہا
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی سے بی سی تنظیموں کے قائدین نے ملاقات کی اور مجالس مقامی میں 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے کے فیصلہ پر اظہار تشکر کیا۔ رکن راجیہ سبھا آر کرشنیا کی قیادت میں بی سی تنظیموں کے قائدین نے چیف منسٹر سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر منرل کارپوریشن کے صدرنشین ای انیل بھی موجود تھے۔ آر کرشنیا نے کہا کہ گزشتہ کئی دہوں سے پسماندہ طبقات تحفظات میں اضافہ کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ پنچایت راج اداروں اور مجالس مقامی کے چناؤ میں تحفظات کی فراہمی کیلئے قانون میں ترمیم کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ آر کرشنیا نے کابینہ کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے چیف منسٹر سے خواہش کی کہ تحفظات پر عمل آوری میں قانونی رکاوٹوں کو دور کرنے کے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے تمام پسماندہ طبقات اور ان کی تنظیمیں حکومت کے فیصلہ پر خوش ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ سماجی انصاف کے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے 42 فیصد تحفظات کے حق میں قانونی ترمیم کا فیصلہ کیا گیا ہے اور جلد ہی آرڈیننس جاری کرتے ہوئے تحفظات کو یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات بی سی تحفظات کے بغیر نہیں ہوں گے ۔1