بی سی طبقے کو پردیش کانگریس کمیٹی کی صدارت دی جائے

,

   

کانگریس بی سی قائدین کا اجلاس، ہنمنت رائو، پونالا لکشمیا اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد۔ 28 نومبر (سیاست نیوز) پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے کانگریس قائدین کا آج حیدرآباد میں اجلاس منعقد ہوا۔ ریاست کے مختلف علاقوں کے 100 سے زائد بی سی طبقے کے قائدین نے شرکت کی۔ اے آئی سی سی او بی سی سیل کے قومی نائب صدر ونئے کی صدارت میں منعقدہ اس اجلاس میں سابق صدور پردیش کانگریس پونالا لکشمیا، وی ہنمنت رائو کے علاوہ دیگر قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں تلنگانہ میں پارٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ پسماندہ طبقات کو کانگریس سے قریب کرتے ہوئے دوبارہ برسر اقتدار لایا جاسکتا ہے۔ اجلاس میں مختلف قراردادیں منظور کی گئیں جن میں پارٹی ہائی کمان سے اپیل کی گئی کہ وہ تلنگانہ میں پسماندہ طبقات کے قائدین کو ترجیح دے۔ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر شراون نے بتایا کہ اجلاس کا متفقہ طور پر یہ احساس تھا کہ پارٹی کو دوبارہ برسر اقتدار لانے کے لیے پسماندہ طبقات کو ترجیح دی جانی چاہئے۔ پردیش کانگریس کے صدر اور پارٹی کے دیگر عہدوں پر تقرر کے سلسلہ میں بی سی طبقے کو ترجیح دی جائے مجوزہ بلدی انتخابات میں پسماندہ طبقات کو آبادی کے تناسب سے پارٹی ٹکٹ الاٹ کئے جائیں۔ بی سی کے لیے کریمی لیئر کی حد کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ آر ٹی سی ہڑتال کے سلسلہ میں حکومت کے رویہ کی مذمت کرتے ہوئے بی سی قائدین نے ہڑتال ختم کرنے والے ملازمین کو غیر مشروط طور پر ڈیوٹی پر رجوع کرنے کی مانگ کی۔ اجلاس میں آر ٹی سی کو خانگیانے کی مخالفت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ملازمین کی بھلائی میں اس طرح کے فیصلے سے دستبرداری اختیار کرے۔ ڈاکٹر شراون نے بتایا کہ ہڑتال کے خاتمے کے باوجود آر ٹی سی ملازمین کے مسائل میں کوئی کمی نہیں ہوئی ہے۔