کاماریڈی ڈیکلریشن کی عمل آوری میں کانگریس حکومت ناکام : کویتا
حیدرآباد ۔ 26 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے بی سی مردم شماری پر اپنے موقف کو واضح کرنے کا بی جے پی سے مطالبہ کیا ۔ کانگریس پارٹی بی سی طبقات کے لیے کئی وعدے کئے کاماریڈی ڈیکلریشن پر بی جے پی کی کانگریس حکومت سے عمل کرنے کا مطالبہ نہ کرنے کی وجہ دریافت کی ۔ بی سی طبقات کے تنظیموں نے آج کویتا سے ان کے قیام گاہ پر ملاقات کی اور اپنے پیشہ وارانہ مسائل سے یادداشت کی شکل میں واقف کرایا ۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ بی سی ڈیکلریشن پر عمل کرنے میں کانگریس حکومت ناکام ہوگئی ۔ بی آر ایسں کے دور حکومت میں طبقاتی پیشوں کو کافی اہمیت دی گئی ۔ کے سی آر حکومت نے ہر طبقہ کے لیے نئی نئی فلاحی اسکیمات متعارف کراتے ہوئے انہیں ہر طرح کی مدد کی ہے ۔ تاہم کانگریس حکومت ان اسکیمات کو نظر انداز کرتے ہوئے چھوٹے چھوٹے پیشوں سے وابستہ سماج کے تمام طبقات کے ساتھ نا انصافی کررہی ہے ۔ بالخصوص بی سی طبقات سے کئے گئے وعدوں کو یکسر نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ کانگریس پارٹی نے مقامی اداروں کے انتخابات میں بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا لیکن اس جانب ابھی تک کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے ۔ افسوس اس بات کا ہے کہ بی جے پی اس کا تماشہ دیکھ رہی ہے ۔ بی سی طبقات کے افراد سرپنچ ، ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی بننا بی جے پی کو پسند نہیں ہے۔ بی سی مردم شماری کے معاملے میں کانگریس حکومت ٹال مٹول کی پالیسی پر عمل کررہی ہے ۔ مرکزی بی جے پی حکومت ملک بھر میں بی سی مردم شماری کے لیے قانون سازی کرتی ہے تو ریاستی حکومتیں اس پر عمل کریں گی ۔ اس جانب بی جے پی کوئی پیشرفت نہیں کررہی ہے ۔۔ 2