حیدرآباد۔17۔نومبر(سیاست نیوز) تلنگانہ بی سی کمیشن کی دوسرے مرحلہ کی عوامی سماعت کا 18 نومبر سے آغاز ہوگا اور کمیشن تحفظات کے سلسلہ میں مختلف طبقات کی نمائندگی کرنے والی تنظیموں اور انفرادی اشخاص کے علاوہ سیاسی جماعتوں کے قائدین سے نمائندگیاں وصول کرے گا۔ 28اکٹوبر تا 2 نومبر ریاست کے مختلف اضلاع عادل آباد‘ نظام آباد‘ سنگاریڈی ‘ کریم نگر کے علاوہ ہنمکنڈہ میں کی گئی پہلے مرحلہ کی سماعت کے بعد 18 نومبر سے 26 نومبر کے دوران بی سی کمیشن کی جانب سے دوسرے مرحلہ کی سماعت کا آغاز کیا جائے گا۔ کمیشن کے شیڈول کے مطابق بی سی کمیشن 18نومبر کو نلگنڈہ ‘ 19 نومبر کوکھمم ‘21نومبر کو رنگاریڈی ‘ 22 نومبر کو محبوب نگر کے علاوہ 23 نومبر کو حیدرآباد میں عوامی سماعت منعقد کرے گا۔ 3
ان عوامی سماعتوں کے دوران بی سی کمیشن کے ذمہ داروں کی جانب سے نمائندگیاں وصول کرنے کے علاوہ زمینی سطح پر پسماندہ طبقات کی صورتحال کے متعلق آگہی حاصل کی جائے گی۔ بی سی کمیشن کی جانب سے 25 اور 26 نومبر کو کمیشن کے صدر دفتر واقع خیریت آباد ‘ حیدرآباد میں بھی عوامی سماعت منعقد کی جائے گی اور اس سماعت کے دوران اگر کسی نے شخصی طور پر نمائندگی نہیں کی ہے اور کرنا چاہتے ہیںتو وہ اپنی تحریری نمائندگی بذریعہ پوسٹ بی سی کمیشن کو روانہ کرسکتے ہیں۔ کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کمیشن کو بذریعہ پوسٹ روانہ کی جانے والی نمائندگیاں 26 نومبر کی شامل 5 بجے تک کمیشن کے دفتر پہنچ جانی چاہئے ۔بی سی کمیشن کی جانب سے مختلف اضلاع میں عوامی سماعت کے انعقاد کے بعد اب دوسرے مرحلہ کی عوامی سماعت مابقی اضلاع میں منعقد کی جا رہی ہے اور متعلقہ اضلاع کے نمائندے پسماندہ طبقات کے متعلق اپنی نمائندگیاں کمیشن کے حوالہ کرتے ہوئے اپنے حقوق کے حصول کی کوشش کے طور پر نمائندگی کرسکتے ہیں۔3