متحدہ 10 اضلاع کا دورہ، اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ کمیشن کا اجلاس
حیدرآباد ۔14۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ بی سی کمیشن نے آج اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے بی سی طبقات کے تعلیمی اور معاشی سروے کا جائزہ لیا۔ حکومت نے 9 اکتوبر کو احکامات جاری کرتے ہوئے سروے کے بارے میں بی سی کمیشن کو رہنمایانہ خطوط کا تعین کیا ہے۔ پرنسپل سکریٹری پلاننگ ڈپارٹمنٹ سندیپ کمار سلطانیہ نے اجلاس میں شرکت کی اور سروے کی تیاریوں سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے احکامات کے مطابق 60 دن میں گھر گھر سروے کے ذریعہ بی سی طبقات کی تعلیمی ، معاشی اور سماجی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ بی سی کمیشن کی نگرانی میں یہ سروے منعقد ہوگا۔ بی سی کمیشن کو حکومت نے سروے رپورٹ کی بنیاد پر مجالس مقامی میں پسماندہ طبقات کے تحفظات کی سفارش کا اختیار دیا ہے ۔ کمیشن ریاست کے تمام اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے عوامی سماعت کرے گا۔ کمیشن کے صدرنشین جی نرنجن نے بتایا کہ متحدہ 10 اضلاع میں عوامی سماعت کا 24 اکتوبر سے آغاز ہوگا۔ کمیشن اس بارے میں عنقریب اعلامیہ جاری کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات کے دانشوروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرس کے ساتھ عنقریب اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ جی نرنجن نے کہا کہ حکومت مجالس مقامی کے انتخابات سے قبل سروے کی تکمیل کے ذریعہ تحفظات میں اضافہ کا منصوبہ رکھتی ہے۔ 1