شریمتی کانتی ویسلی اقلیتی فینانس کارپوریشن کی انچارج مینجنگ ڈائرکٹر
حیدرآباد ۔ 12۔جون (سیاست نیوز) حکومت نے سکریٹری اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ آئی ایف ایس کو ڈائرکٹر سکریٹری اردو اکیڈیمی اور اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے عہدوں کی زائد ذمہ داری دی ہے۔ اس کے علاوہ شریمتی اے ایچ این کانتی ویسلی مینجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ کرسچن میناریٹی فینانس کارپوریشن کو اقلیتی فینانس کارپوریشن کے نائب صدرنشین اور مینجنگ ڈائرکٹر کے عہدہ کی زائد ذمہ داری دی گئی ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود بی مہیش دت ایکا نے آج اس سلسلہ میں جی او آر ٹی 94 جاری کیا ۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے ایم اے وحید ریٹائرڈ آئی ایف ایس مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن کی میعاد میں دو ماہ کی توسیع کی تھی ۔ 13 اپریل سے دو ماہ کی توسیع کی مدت آج 12 جون کو ختم ہوگئی ۔ لہذا حکومت نے فوری اثر کے ساتھ تین عہدوں کی اضافی ذمہ داری دو عہدیداروں کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔