حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) سینئر آئی پی ایس عہدیدار بی شیودھر ریڈی تلنگانہ کے نئے ڈائرکٹر جنرل پولیس ہوں گے ۔ حکومت نے ڈاکٹر جتیندر آئی پی ایس کے جانشین کے طور پر ڈائرکٹر جنرل انٹلیجنس بی شیودھر ریڈی کو نیا ڈی جی پی مقرر کیا ہے۔ چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ نے آج جی او آر ٹی 1339 جاری کیا۔ ڈاکٹر جتیندر جاریہ ماہ کے اواخر میں وظیفہ پر سبکدوش ہو رہے ہیں۔ بی شیودھر ریڈی 1994 آئی پی ایس بیاچ سے تعلق رکھتے ہیں جن کی پیدائش حیدرآباد میں ہوئی ، وہ رنگا ریڈی ضلع کے ابراہیم پٹنم منڈل میں پدا تونڈلا موضع سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے پرائمری اور اعلیٰ تعلیم حیدرآباد میں حاصل کی۔ عثمانیہ یونیورسٹی سے ایل ایل بی کے بعد کچھ عرصہ تک ایڈوکیٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دی اور بعد میں 1994 میں سیول سرویسز کے تحت آئی پی ایس کیلئے منتخب ہوئے۔ وہ متحدہ آندھراپردیش میں وشاکھاپٹنم کے انکاپلی ، نرسی پٹنم اور چنتا پلی میں اے ایس پی کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ بیلم پلی ، عادل آباد ، نلگنڈہ ، سریکاکلم ، نیلور اور گنٹور کے سپرنٹنڈنٹ پولیس و گرے ہانڈس کمانڈر بھی رہے ۔ شیودھر ریڈی نے ایس پی اور ڈی آئی جی ایس آئی بی کے طور پر ماؤسٹ سرگرمیوں کو کچلنے میں اہم رول ادا کیا۔ 2014 تا 2016 وہ تلنگانہ کے پہلے انٹلیجنس چیف رہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ مشن میں کوسوو میں امن فوج کے تحت کام کیا تھا ۔ 2007 میں مکہ مسجد بم دھماکہ کے بعد شیودھر ریڈی کو حیدرآباد ساؤتھ زون کا ڈی سی پی مقرر کیا گیا ۔ وہ آئی جی اور اڈیشنل ڈی جی پرسونل ونگ میں کام کر چکے ہیں ۔ کانگریس اقتدار کے بعد انہیں دوبارہ انٹلیجنس چیف مقرر کیا گیا اور اگست 2024 میں ڈی جی پی عہدہ پر ترقی دی گئی۔ شیودھر ریڈی کو نمایاں خدمات پر کئی میڈلس اور ایوارڈ ملے جن میں پولیس میڈل ، پریسیڈنٹ میڈل اور یونائٹیڈ نیشن میڈل شامل ہیں۔ احکام کی اجرائی کے بعد شیودھر ریڈی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور اظہار تشکر کیا ۔ 1