حیدرآباد۔7جون(سیاست نیوز) برقی بلس نے عوام کو پریشانیو ںمیں مبتلا ء کردیا ہے اور ہزاروں روپئے کے برقی بلس سے عوام بے حال ہوچکے ہیں ۔تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن لمیٹڈ کی جانب سے برقی میٹر کی ریڈنگ اور بلوں کی اجرائی کے عمل کے آغاز کے ساتھ ہی بے تحاشہ برقی بلوں کی اجرائی کی شکایات منظر عام پر آنے لگی ہیں اور سینکڑوں کی تعداد میں برقی بل سوشل میڈیا پر گشت کر رہے ہیں جن میں بے تحاشہ رقومات درج کی گئی ہیں۔ سوشل میڈیا پر محکمہ برقی سے کی جانے والی شکایات پر از خود جاری کئے جانے والے جواب میں کہا جا رہاہے کہ صارفین اپنے بلوں کے مسائل اور ان کے حل کے لئے متعلقہ اے ای سے ملاقات کریں ۔ شہر حیدرآباد میں گھریلو صارفین کو جاری کئے جانے والے بلو ںمیں ہزاروں روپئے کی رقومات درج کئے جانے سے عوام میں پریشانی کی لہر دوڑنے لگی ہے کیونکہ گذشتہ تین ماہ کے دوران لاک ڈاؤن کے سبب کوئی کاروبا نہ ہونے کے سبب عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ان حالات میں حکومت سے متعدد مرتبہ اس بات کی اپیل کی گئی ہے کہ وہ برقی وآبرسانی کے بلوں کے علاوہ جائیداد ٹیکس کی معافی کا اعلان کرے لیکن حکومت کی جانب سے کسی بھی طرح کی رعایت کے اعلان کے بجائے برقی صارفین کو بل کے جھٹکے دینے شروع کردیئے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ جو بل ادا نہیں کریں گے ان کے برقی کنکشن کو منقطع کردیا جائے گا ۔ ریاستی حکومت کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اقدامات کے بجائے برقی بلوں کے نام پر ہزاروں روپئے کے بقایا جات کے بل جاری کئے جانے کے علاوہ جن لوگو ںنے آن لائن بل ادا کی ہے ان کو بھی بلوں کی اجرائی کے واقعات نے عوام کو مشکلات میں مبتلاء کردیا ہے ۔ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کی جانب سے برقی صارفین سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ اپنے برقی بل گذشتہ برس کے اس ماہ کے برقی بلوں کے مطابق ادا کردیں لیکن اب ان لوگوں کو بھی دوبارہ بل جاری کرتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ وہ اپنے بل کو درست کرنے کے لئے اے ای سے رابطہ قائم کریں ۔ شہریو ںنے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ لاک ڈاؤن کے سبب ہونے والے نقصانات کی پابجائی کیلئے عوام پر بوجھ عائد کرنے کے بجائے عوام کو راحت پہنچانے کے اقدامات کے طور پر گذشتہ تین ماہ کے اور آئندہ دو ماہ کے برقی بلوں کو معاف کرنے کا اعلان کرے۔