بے جا رسومات ترک کرنے اپیل، رمضان کی نعمت سے استفادہ کرنے کی تلقین، ورنگل میں جلسہ، علماء کا خطاب
ورنگل : رمضان المبارک امت محمدیہ کو اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں میں سے ایک عظیم نعمت ہے جس کا ایک عشرہ رحمت، دوسرا مغفرت اور تیسرا جہنم سے نجات کا ہے۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ اللہ رب العزت کی اس عظیم نعمت کی قدر کرتے ہوئے اس مہینے کی برکتوں سے استفادہ کریں ۔نہ معلوم پھر ہمیں ایسا مبارک مہینہ ملے یا نہ ملے ۔کورونا وائرس کی اس وباء کی وجہ سے گزشتہ سال سے لیکر اب تک ہم نے بے حساب جنازوں کو اٹھتا دیکھا ہے لیکن ہم موت کو بھلا بیٹھے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار حویلی عرس جاگیر ورنگل میں مجلس قادریہ کے زیر اہتمام منعقدہ 24واں جلسہ استقبال و رمضان و جشن ولادت غو ث اعظم ؓسے علامہ سید شاہ کاشف پاشاہ بندہ نوازی نے کیا ۔اس جلسہ کی صدارت سید شاہ یحییٰ پاشاہ قادری المعروف شعیب بابا سجادہ نشین خانقاہ قادریہ نے کی جبکہ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے حضرت سید شاہ حیدر ہلال الدین قادری المعروف نوید بابا سجادہ نشین بارگاہ معشوق ربانی ؒ عرس جاگیر ،حضرت سید خواجہ ہادی الدین علی پاشاہ سجادہ نشین درگاہ حضرت برہنہ شمشیر سبزی منڈی حیدر آباد نے شرکت کی ۔جلسہ کا آغاز حافظ محمد عبدالکریم رضوی امام و خطیب مسجد افضلیہ کی قرآت کلا م پاک سے ہوا ۔عزیز سلیم نے ہدیہ نعت پیش کیا ۔اس موقع پر مولانا فصیح الدین نظامی شریک معتمد ملت رابطہ کمیٹی ورنگل نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ روزہ وہ عظیم فریضہ ہے جس کو رب ذوالجلال نے اپنی طرف منسوب فرمایا ہے اور قیامت کے دن رب تعالی اس کا بدلہ اور اجر بغیر کسی واسطہ کے بذات خود روزہ دار کو عنایت فرمائیں گے۔ انہوںنے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ بے جا رسومات کو ترک کرتے ہوئے حضور اقدس ﷺ سے سچی محبت اور عقیدت کا ثبوت دیں ۔بعد ازاں مہمانوں اور دیگر افراد کی گلپوشی و شالپوشی انجام دی گئی ۔