بے حس یو پی حکومت نے تمام حدیں پار کردیں : پرینکا گاندھی

   

بچوں کو ماووں سے اور معمرین کو اپنے بچوں سے دور کردیا گیا ۔ انسانیت دشمنی کی انتہاء
لکھنو 29 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) شہریت ترمیمی بل کے خلاف احتجاج سے نمٹنے کے طریقہ کار پر آدتیہ ناتھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے آج کہا کہ اس حکومت نے انسانیت سوزی کی تمام حدیں پار کردی ہیں۔ انہوں نے ادعا کیا کہ پارٹی ورکر صدف ظفر کو بے بنیاد الزامات میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ پرینکا گاندھی نے کل ہی یو پی پولیس پر ان کے ساتھ بدسلوکی کرنے اور ڈھکیل دینے کا الزام عائد کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ آدتیہ ناتھ کی حکومت بے حس ہوگئی ہے ۔ اس نے بچوں کو اپنی ماووں سے اور معمر افراد کو اپنے بچوںسے دور کردیا ہے ۔ صدف ظفر کو 19 ڈسمبر کو گرفتار کیا گیا تھا جب وہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کر رہی تھیں۔ اس مقام پر تشدد بھی پھوٹ پڑا تھا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جھڑپوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے صدف کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ پرینکا گاندھی نے احتجاج پر گرفتار سابق آئی پی ایس عہدیدار آر داراپوری کے افراد خاندان سے ملاقات کے بعد کہا کہ انہوں نے صدف کے افراد خاندان سے کل رات ہی لکھنو میں ملاقات کی تھی اور ان سے کہا تھا کہ کانگریس ان کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش حکومت نے انسانیت دشمنی کی تمام حدیں پار کردی ہیں۔ ایک ویڈیو میں صدف ظفر کو واضح طور پر پولیس عہدیداروں سے یہ کہتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ تشد دکرنے والوں کو گرفتار کرے ۔ پولیس نے ان کے خلاف ہی الزام عائد کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صدف ظفر کے بچے اپنی والدہ کی جلد رہائی کے بے چینی سے منتظر ہیں۔ بی جے پی نے پرینکا گاندھی کے الزامات پر جوابی تنقید بھی کی ہے ۔