بے روزگاروں کے مسائل کے حل کیلئے وائی ایس شرمیلا کی بھوک ہڑتال

   

حیدرآباد، 10/ اگست (یواین آئی) بے روزگاروں کے مسائل حل کرنے اور سرکاری ملازمتوں پر تقرری کا مطالبہ کرتے ہوئے ہر منگل کو اپنی ایک روزہ بھوک ہڑتال کے حصہ کے طورپر وائی ایس آرتلنگانہ پارٹی کی صدر وائی ایس شرمیلا نے آج بھوک ہڑتال کی۔قبل ازیں انہوں نے ضلع کریم نگر کے حضورآباد حلقہ کا دورہ کیاجہاں انہوں نے ایلندوکنٹہ منڈل سری سیڈو علاقہ کے ایک نوجوان کے خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے پُرسہ دیا۔اس خاندان سے تعلق رکھنے والے نوجوان نے بے روزگاری کے مسائل پر مایوسی کے عالم میں خودکشی کرلی تھی۔انہوں نے بعد ازاں سری سیڈو پہنچ کر بھوک ہڑتالی کیمپ میں اپنے والد ومتحدہ آندھراپردیش کے سابق وزیراعلی آنجہانی ڈاکٹروائی ایس راج شیکھرریڈی کے مجسمہ پر پھول نچھاور کئے اور ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔شرمیلا نے اس کے ساتھ ہی اپنی بھوک ہڑتال کا آغاز کردیاجو پانچ بجے شام تک جاری رہے گی۔