کے سی آر نے نوجوانوں کو دھوکہ دیا، بے روزگاری بھتہ جاری کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد۔/29 فبروری، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ مرکز کی بی جے پی اور ریاست کی ٹی آر ایس حکومت کے دور میں بے روزگاری میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ اتم کمار ریڈی حضورآباد ٹاون میں نیشنل اِسکل ڈیولپمنٹ سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ مرکز نے پردھان منتری کشل وکاس یوجنا کے تحت مرکزی وزارت اِسکل ڈیولپمنٹ کے تحت سہ ماہی کورسیس کا آغاز کیا ہے۔ ایمبرائیڈری، سولار پیانل انسٹالیشن ٹیکنیشن اور ہینڈ سیٹ ریپیر ٹیکنیشن کے شعبہ جات میں بے روزگار نوجوانوں کیلئے ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے ملک بھر میں بے روزگاری کی شرح میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بھی صورتحال باعث تشویش ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ بچوں کی تعلیم پر والدین بھاری رقومات خرچ کررہے ہیں لیکن تعلیم کی تکمیل کے بعد روزگار حاصل نہ ہونے کے سبب خاندانوں کو معاشی دشواریوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاست میں حکومتیں روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں۔ 2014 میں بے جے پی نے ہر سال 2 کروڑ ملازمتوں کا وعدہ کیا تھا۔ تقریباً 12 کروڑ روزگار فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی گزشتہ چھ برسوں میں 12 لاکھ روزگار بھی نہ دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی معاشی پالیسیوں کے نتیجہ میں روزگار کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ حال ہی میں منعقدہ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 90 ہزار ریلوے ملازمتوں کیلئے 2.8 کروڑ افراد نے درخواست دی ہے جس سے بے روزگاری کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ 2014 سے تلنگانہ میں بے روزگاری کی شرح دوگنی ہوگئی۔ نوجوانوں نے تلنگانہ تحریک میں اس امید کے ساتھ حصہ لیا تھا کہ نئی ریاست میں انہیں روزگار حاصل ہوگا۔ لیکن ٹی آر ایس حکومت نے نوجوانوں کو مایوس کیا ہے۔ سینکڑوں نوجوانوں نے علحدہ ریاست کیلئے جان کی قربانی دی۔ لاکھوں نوجوان حکومت کے وعدے پر عمل آوری کے منتظر ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ بے روزگار نوجوانوںکو ماہانہ 3016 روپئے بھتہ کی اجرائی کا آغاز کریں تاکہ تعلیم حاصل کرنے والے بے روزگار نوجوانوں کو ضرورتوں کی تکمیل میں مدد مل سکے۔
