حیدرآباد4 نومبر(یواین آئی) ریاست کے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لئے سرکاری ملازمتوں کا اعلامیہ جاری کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے ان بے روزگار نوجوانوں کی حمایت میں اس ماہ کی 12تاریخ کو بی جے پی کی جانب سے ملین مارچ پروگرام کااہتمام کیاجائے گا جس کے لئے تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں۔اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے اضلاع کی پارٹی قیادت سے ریاستی پارٹی قیادت،وقتا فوقتا تبادلہ خیال کررہی ہے ۔اس ملین مارچ میں بڑے پیمانہ پر بے روزگار نوجوانوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔بی جے پی نے حکمران جماعت سے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابی وعدہ کے مطابق سرکاری ملازمتوں کو پُرکیاجائے ۔شہر حیدرآباد کے ٹینک بنڈ کے قریب ملین مارچ کا اہتمام کیاجائے گا۔ پارٹی نے کہا کہ اس پروگرام کو یقینی طور پر کامیاب بنایاجائے گا۔اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے بی جے پی اور بی جے وائی ایم کے کارکنوں کی جانب سے کوششوں میں شدت پیداکردی گئی ہے ۔اضلاع میں بے روزگارنوجوانوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ان نوجوانوں سے خواہش کی جارہی ہے کہ وہ اس ملین مارچ پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے اس کو کامیاب بنائیں۔سرکاری ملازمتوں کو پُرکرنے کے مطالبہ پر بی جے وائی ایم کی جانب سے مختلف مواقع پر احتجاج کیاگیا۔